جموں//ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید نے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ ، ٹریفک پولیس ، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقین کے مشترکہ اہتمام سے منائے جانے والے تیسویں روڑ سفیٹی ہفتے کا افتتاح کیا۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح یہ ہفتہ جموں وکشمیر میں بھی منایا جارہا ہے اور اس ہفتے کا موضوع ہے’’ سڑک سرکھشا ۔جیون رکھشا‘‘ ۔افتتاحی رسم کے موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران سے تلقین کی کہ وہ ٹریفک قوانین کے بارے میں جانکاری عام کرنے کے اقدامات کریں۔اُنہوں نے مختلف تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے جانکاری کیمپ منعقد کرانے پر زور دیا۔ڈاکٹر وید نے کہاکہ اس ہفتے کو منانے کا مقصد لوگوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق جانکاری فراہم کرنا ہے تاکہ سڑک حادثات کے واقعات کو کم کیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مختلف محکموں اور متعلقین کے مابین قریبی تال میں لازمی ہے۔اس موقعہ پر جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایم کے دھر ، آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار ، سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر منموہن سنگھ ، ڈائریکٹر پوسٹل سروسز گورو سری واستو ، آر ٹی او جموں ڈی آر کنیتھیاکے علاوہ دیگر کئی شخصیات اور مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ اساتذہ اور طالب علم موجود تھے۔اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا کہ روڑ سفیٹی سے متعلق جانکاری عام کرنا سماج کے ہر فرد کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔تقریب پر آر ٹی او جموں نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اس ہفتے کے دوران منعقد کئے جانے والے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔بعد میں سکولوں اور کالجوں کے طالب علموں ، ٹریفک پولیس اہلکاروں ،مختلف ڈرائیونگ انسٹی چیوٹ سے وابستہ افراد اور گاڑیوں کے ڈیلروں پر مشتمل ایک ریلی نکالی گئی جس کو ٹرانسپورٹ کمشنر نے ہری جھنڈی دکھائی۔