جموں// چیئرمین جموں اینڈ کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزمنیشن( بی او پی ای ای) محمد اشرف بخاری نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔چیئرمین نے گورنر کو بورڈ کی کارکردگی، انٹرنس ٹسٹس کے انعقاد کے شیڈول اور مختلف انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروفیشنل کورسوں کے لئے اُمیدواروں کے داخلے کے عمل کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے امتحانات کے انعقاد میں اعلیٰ سطحی پیشہ وارانہ طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے انٹرنس ٹسٹوں کے انعقاد میں تیزی لانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔اس دوران ڈاکٹرس ایسوسی ایشن جموں کا ایک وفد ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر بلوندر سنگھ کی قیادت میںیہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقی ہوا۔ڈیلی گیشن نے گورنر سے استدعا کی کہ ڈیوٹی پر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف حملے یا ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کو ایک ناقابل ضمانت جرم قرار دیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور ہسپتال جائیداد کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہسپتال سیکورٹی فورس وجود میں لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے میڈیکل افسروں اور کنسلٹنٹوں کی نوکریوں سے جڑے مختلف امور کو بھی گورنر کی نوٹس میں لایا۔ انہوں نے کہا کہ دُور دراز کے علاقوں میں طبی اداروں کو جدید سہولیات اور سازو سامان سے لیس کیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں ایک واضح ٹرانسفر پالیسی تشکیل دی جانی چاہئے۔گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ا ُن کی طرف سے اُجاگر کئے گئے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے تلقین کی کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تا کہ لوگوں کو بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں۔