جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلا م احمد میر نے ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پیدا ہو ئی غیر یقینی صورتحال کو جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کو ایک ساتھ منعقد کیا جائے تاکہ ریاست میں جلد ہی جمہوری نظام کر قائم کیا جاسکے ۔اسمبلی حلقہ گاندھی نگر میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کو جلد ختم کیا جائے تاکہ عوام انتخابات کیلئے تیار ہوسکیں ۔موصوف نے کہاکہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کو کامیابی کیساتھ منعقدکروانے کے بعد اسمبلی انتخابات میں غیر ضروری تاخیر کا کوئی جواز ہی نہیں ہے ۔پی سی سی چیف نے کہا کہ بھاجپا کی مرکزی اور پی ڈی پی و بھاجپا کی ریاستی مخلوط حکومت کی ناکامی کے باوجود عوام نے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں شرکت کی جس سے عیاں ہو جاتا ہے کہ عوام جمہوری نظام میں یقین رکھتی ہے ۔میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریاست جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کے عوام کی سماجی ،سیاسی اور اقتصادی حالت بہتر بنانے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی مفاد کیلئے عوام کو فرقوں اور خطوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کانگر یس پارٹی کسی بھی عوام دشمن عمل کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔موصوف نے پارٹی لیڈران اور کارکنوں پر زوردیتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے یکجا ہو کر کام کریں ۔اس موقعہ پر سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے اپنے سیاسی مفاد کیلئے جموں خطہ کی عوام کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مفاد پرست سیاست کی وجہ سے ریاستی عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔اجلاس میں ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر وکرم ملہوترہ ،ڈاکٹر آر کے کھجوریہ ،بی بی گپتا ،مدن لعل ،ستیش شرما ودیگران بھی موجود تھے ۔