جموں //نیشنل کا نفرنس سنیئر لیڈر اور صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے بھاجپا کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کی جارہی تفریق پسند سیاست ملکی یکجہتی کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔اسمبلی حلقہ نگروٹہ کی پنچایے چھروٹہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے ملک میں عوام کو مذہب اور فرقو ں میں تقسیم کرنے کی کوششیں کی ہیں جس کی وجہ سے متعدد فرقوں کو آپس میں مشکوک بنا دیا ہے ۔موصوف نے کہا کہ بھاجپا کی مفاد پرست سیاست سے پیدا ہو ئی بد اعتمادی ملکی یکجہتی اور امن وبھائی چارے کیلئے نقصاندہ ہے ۔این سی لیڈر نے کہا کہ بھاجپا کی جانب سے پیدا کئے ہوئے حالات کی وجہ سے اس وقت عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ ملکی اقتصادی حالت بھی مستحکم نہیں ہے ۔انہوں نے ملک میں پیدا ہوئی غیر معمولی اور متنازعہ حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا نے مختلف فرقوں کے درمیان پائے جانے والے تال میل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کی عوام کش پالیسیوں اور معاشرے کی دشمن چالوں پر نظر رکھی جائے اور مذکورہ سیاسی پارٹی کو آئندہ انتخابات میں سبق سکھایا جائے ۔رانا نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کیخلاف الیکشن میں شرکت کی جبکہ انتخابی نتائج کے بعد دونوں سیاسی پارٹیوں نے مخلوط حکومت تشکیل دے کر عوامی امنگوں کیساتھ کھلواڑ کیا ۔موصوف نے ریاستی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جمہوریت کی مضبوطی اور فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔اس موقعہ پر سوم ناتھ کھجوریہ ،انگریز سنگھ ،ڈاکٹر سبھاش ،اشوک کمار ،بشن داس ،ظفر احمد ،شوکت احمد ودیگران بھی موجود تھے ۔