جموں //چندی گڑھ یونیورسٹی میں ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز کی جانب سے منعقدہ 34واں نیشنل انٹر یونیورسٹی یوتھ فیسٹیول میں جموں یونیورسٹی کے طلباء نے تین شعبوں میں بہترین کارکر دگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے ریاست کا نام روشن کیا ۔اس سلسلہ میں جموں یونیورسٹی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران یوتھ فیسٹیول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔اس موقعہ پر جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر منوج کمار دھر نے طلباء کو مبارک باد پیش کر تے ہوئے کہا کہ کھیلوں اور ادبی میدان میں طلباء کی کار کردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے معروف فنکاروں کی سرپرستی میں ورکشاپوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ اس یوتھ فیسٹیول میں ملک کی 107یونیورسٹیوں کے 1700سے زائد طلباء شرکت کر رہے تھے جبکہ جموں یونیورسٹی کے طلباء نے بحث ومباحثہ ،تنصیب اور تقریر میں بہترین کارکر دگی کا مظاہرہ کیا ۔