کٹھوعہ //مرکزی ویز رڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ ہم سب کو متحد ہو کر لڑنی ہوگی ۔انہوں نے کشمیر کے سیاسی لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کے بیانات سے دہشت پسندی کو بڑھا وا ملتا ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے بی جے پی کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل پلوامہ ہلاکتوں کے یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ ترقی پسند جمہوریتوں جیسے کہ امریکہ وغیرہ میں دہشت گردی کے خطرہ کے موقعہ پر تمام سیاسی پارٹیاں اور الگ الگ نظریہ رکھنے والی جماعتیں اکٹھا ہو جاتی ہیں اور کہا کہ اس کے مد نظر ہر ایک کو ان ہلاکتوں کی مذمت کرکے ہلاک شدگان کو خراج عقیدت ادا کرنا چاہیے۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے نئے’’گو شالہ‘‘ کا افتتاح کیااور متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کے متعلق کہا ،جو گُذشتہ کئی دہائیوںسے رُکے پڑے تھے لیکن گُذشتہ پانچ برسوں میں ان پر مکمل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاہ پور ۔کنڈی ڈیم گُذشتہ 40 برسوں سے روکی پڑی ہے اور اب اس پر بھی کام شروع کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اسے تین یا چار سال میں مکمل کیا جائے گا،جس کے بعد پورے ضلع کٹھوعہ کو آبپاشی کی معقول سہولیت فراہم ہوگی اوجھ کثیرمقاصد پروجیکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پروجیکٹ کو د ودہائیوں کے بعد در دست لیا گیا ہے اور اس پر کام عنقریب ہی شروع ہو جائے گی۔دیالہ چک روڈ پروجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے جتندر سنگھ نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ اس پر کافی سنجیدہ ہے اور اسے بحال کیا گیا ہے۔بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوںنے لوگوں کومودی سرکار کی حصولیابیوں کا شمار کرنے کو کہا۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے مودی سرکار کی جانب سے اُٹھائے گئے عوام دوستانہ اقدام کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں سے ملک کے لوگوں کی زندگی میں بدلائو آیا ہے۔ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں پانچ سال کے دوران منظور کئے گئے پروجیکٹوں کا ذکر بھی کیا ۔