جموں //جانی پور سیول سیو سائٹی کا ایک اجلاس جانی پور علا قہ میں منعقد ہوا جس میںسماج کے ہر ایک فرقہ سے تعلق رکھنے والے متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ سیول سوسائٹی کے اراکین نے صوبہ جموں کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھا جائے ۔مقررین نے حالیہ دنوں میں جموں بالخصوص جانی پور اور گوجر نگر علا قہ میں پیش آئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مانگ کی کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کر نے کی کوشش کرنے والوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ان کیخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں ۔مقررین نے حالیہ دنوں میں ضلع پلوامہ میں ہوئے فدائین حملے اور گزشتہ روزایک تصادم کے دوران ہلاک ہوئے فوجی اہلکاروں کے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی ۔سیول سوسائٹی کے اراکین نے جانی پور علا قہ میں سیول سیکریٹریٹ کے ملازمین پر مبینہ طور پر کئے گئے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کی ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جبکہ حملوں میں ملوث افراد کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اس اجلاس میں ایڈووکیٹ ایم آر قریشی ،ایڈووکیٹ روپ لعل ،ایڈووکیٹ ایچ اے صدیقی ،بیور پار منڈل کے سابقہ صدر موہن لعل شرما ،پرس رام ،برکت علی ،گیان چند شرما،چوہدری احمد دین ،سبھاش چندر شرما ،طارق مرزا ،اوم پرکاش ،شیخ عبدالرشید ودیگران بھی موجود تھے ۔