جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے گلاب بھون جموں میں معزز شہریوں کیلئے ڈاکٹر کرن سنگھ لائبریری کا افتتاح کیا ۔ سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر کرن سنگھ ، گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، مئیر جے ایم سی چندر موہن گپتا اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ نئی لائیبریری میں ہندی زبان میں کافی تعداد میں کتابیں موجود ہیں ۔ گورنر نے اپنے خطبے میں کہا کہ کتابیں ہمارے علم اور نظریہ بڑھانے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے ڈیزٹل دور میں لوگوںبالخصوص نوجوانوں کو کُتب بینی کی طرف راغب کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک لائبریری میں لوگوں کو اس تیز تر زندگی میں سکون مہیا ہوتا ہے اور تجربات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔ انہوں نے عوامی نوعیت کی مختلف سرگرمیاں عملانے کیلئے ڈاکٹر کرن سنگھ کی ستائش کی ۔ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر کرن سنگھ جیسی شخصیات نے ہمیشہ کُتب بینی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور علم کو پھیلانے میں نمایاں رول ادا کیا ۔ گورنر نے لائیبریری کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ ہندی زبان کیلئے وقف کی گئی یہ لائیبریری ریاستی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے انہوں نے کہا کہ معزز شہریوں کے ساتھ ساتھ نوجوان بھی اس لائبریری سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔ اپنے استقبالیہ خطبے میں وکرم ادتیہ سنگھ نے کتابوں کے ذریعے ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ اجات شترو سنگھ ممبر قانون ساز کونسل نے اس موقعہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی ۔