جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کی صدارت میں یہاں راج بھون میں بورڈ کی 64ویں میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں سر ی سری روی شنکر ، ڈاکٹر اشوک بھان ، کے بی کاچرو،کے کے شرما ، جسٹس ریٹائرڈ پرمود کوہلی ، میجرجنرل ( ر) شو کمار شرما اور وِجے دھر نے شرکت کی۔یہ تمام شخصیات بورڈ کے ارکان ہیں ۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری بی و ی آر سبھرامنیم ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ،شرائین بورڈ کے سی ای او سمرن دیپ سنگھ ، بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او وویک ورما اور بورڈ کے چیف انجینئر ایم ایم گپتا نے شرکت کی۔گورنر نے حال میں تشکیل دئیے گئے نئے بورڈ کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے پچھلے بورڈ ارکان کی تعریف کی کہ انہوں نے شردھالوئو ں کی سہولیات کو مسلسل بڑھاواد یا۔ میٹنگ کے دوران یاترا رُوٹ پر یاتریوں کے لئے سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لئے کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ اس موقعہ پر پورے یاترا ٹریک پرسی سی ٹی وی ،سرویلنس نظام نصب کرنے کو منظوری دی گئی اور اس نظام سے یاتریوں کی نقل و حمل پر نظر گزر رکھی جائے گی اور سلامتی اقدامات کو تحفظ حاصل ہوگا۔اس دوران یاتریوں کی سہولیت کے لئے کئی دیگر اقدامات کو بھی منظوری دی گئی ۔ بورڈ نے بھون سے ادھکواری تک آگ بجھانے کا جدید نظام نصب کرنے سے متعلق امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔علاوہ ازیں ہٹ سٹیشن ،بھون ، ساکٹ ، امکوٹی اور ادھکواری میں 50,000 گیلن صلاحیت والے ریزروائرس کو بھی منظوری دی گئی تاکہ گندھے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جاسکے۔اس پروجیکٹ پر3.50کروڑ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے اور توقع ہے کہ اس سے مئی 2019 تک مکمل کیا جائے گا۔بورڈ نے ایک اور اہم پروجیکٹ کو بھی منظوری دی جس کی بدولت تمام بیت الخلائوں کو مرکزی ایس ٹی پی کے ساتھ جوڑنے میں مدد ملے گی۔گورنر نے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ تمام پروجیکٹوں کو پہلے سے موجود رہنما خطوط کے مطابق مکمل کریں تاکہ یاتریوں کے لئے سہولیات کو دوام بخشا جاسکے۔میٹنگ میں ککریال میں شری ماتا ویشنو دیوی نرسنگ کالج کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیااور کہا گیا ہے کہ اس کے ہوسٹلوں اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیئے ۔ اس پروجیکٹ کے پہلے مرحلے پر 53کروڑ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے۔میٹنگ میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے زیر اہتمام دیگر اداروں کے کام کا ج کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس سے پہلے سی ای او نے شرائین بورڈ کی سرگرمیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا اور اُن فیصلہ جات کی عمل آوری کا تفصیل سے ذکر کیا جو پچھلی بورڈ میٹنگوں کے دوران لئے گئے تھے۔