بیجنگ//وسطی چین کے صوبہ ہنان میں ایک کنڈرگارٹن کی ٹیچر نے 23 بچوں کو زہر دے دیا۔ مقامی انتظامیہ نے پیر کو اس کی اطلاع دی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سوڈیم نائٹریٹ زہر ٹیچر وانگ کے ذریعہ دیا گیا تھا۔ ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے ہینان میں پری اسکول کے بچوں کو کھانے میں زہریلا مواد دینے کے الزام میں ایک خاتون ٹیچر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے خاتون ٹیچر کی عرفیت وانگ ظاہر کی ہے۔ خاتون ٹیچر کو اسکول کے 23 بچوں کی حالت بگڑنے کے باعث گرفتار کیا، ان بچوں میں سے 7 اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ ایک بچے کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے جب کہ 15 بچوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بچوں کو اسکول میں فراہم کیے جانے والے کھانوں کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بچوں کے کھانے میں نائٹریٹ ملایا گیا ہے، نائٹریٹ کی وافر مقدار سے الٹیاں، سر درد، دل کی دھڑکن اور کینسر جیسے امراض بھی ہوسکتے ہیں۔ روزانہ غذا میں نائٹریٹ لینے کے باعث بچوں کی صحت گرتی گئی، وزن تیزی سے کم ہوا اور وہ سارا دن سست رہنے لگے یہاں تک کہ گزشتہ ہفتے مسلسل الٹیوں کے باعث بچوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔