لندن// بریگزٹ معاہدے میں تاخیر کے لیے پیش کی گئی قرارداد ایک ووٹ سے کامیاب ہو گئی ہے جس کے بعد برطانوی وزیراعظم کو بریگزٹ کے لیے نئی تاریخ طے کرنا ہوگی۔ خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے میں تاخیر کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جو ایک ووٹ سے کامیاب ہوگئی ہے، برطانوی دارالعوام میں بریگزٹ معاہدے میں تاخیر کے حق میں 313 اور مخالفت میں 312 ووٹ ڈالے گئے۔ اراکینِ پارلیمان نے ایک ووٹ کی برتری سے وزیراعظم تھریسامے کو مجبورکردیا ہے کہ وہ بریگزٹ کی تاریخ میں توسیع کے لیے یورپی یونین سے رجوع کریں تاکہ ڈیل کے بغیر یورپی یونین سیعلیحدگی سے بچا جاسکے تاہم اس تجویز کو قانون بننے کے لیے دارالامرا میں لارڈز سے منظوری کی ضرورت ہو گی۔ تھریسا مے کو آرٹیکل 50 میں توسیع اور 12 اپریل سے آگے کی تاریخ کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری لینا ہوگی جس کے بعد برطانوی وزیراعظم کو بریگزٹ میں توسیع کے لیے یورپی یونین پر سے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ واضح رہے یورپی یونین نے بریگزٹ معاہدے کے لیے 12 اپریل کی تاریخ طے کرچکی ہے ۔