پوسٹ گریجویٹ گوجری اوپن کورسوں میں نشستوں کے اضافہ کی مانگ
جموں //گوجر طبقہ نے جموں یونیورسٹی میں گوجری مضمون میں پوسٹ گریجویٹ سطح پر نشستوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق ٹرائبل ریسرچ اینڈ کلچرل فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں نامور گوجری دانشور جاوید راہی نے یہ مطالبہ کیا ،جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی بھی تھے۔پروگرام میں طبقہ کے ممبروں ، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر طبقہ کے لوگوں نے وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر منوج کے دھر سے اس معاملہ میںن مداخلت کرنے کی اپیل کرکے گوجری مضمون میں نشستوں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 100 کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ بہت سے پی جی طلاب گوجری کو بطور یک مضمون لینے کے خواہشمند ہیں لیکن انکے لئے جموں یونیورسٹی میںنشستیں دستیاب نہیں ہیں۔ڈاکٹر جاوید راہی نے اپنے صدارتی خطبہ میں گوجری زبان میں نشستوں کی تعدامیں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا کیونکہ بہت سے طلاب گوجری زبان میں پوسٹ گریجویشن کر نا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوجری ریاست میں تیزی سے ابھرتی ہوئی ایک زبان ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجری زبان 12سے زائد ریاستوں کے متعدد علاقوں میں بولی جاتی ہے،جس کے پیش نظر یونیورسٹی میں گوجری مضمون کی نشستوں میں اضافہ کرنا نا گزیر بن گیا ہے۔انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ جموں یونیورسٹی اس مسئلہ پر غور کرے گی۔چودھری اشتیاق احمد مصباح،محمود چودھری ،شفیق چودھری ،بلال رشید چودھری ، مدثر چودھری، اشفاق شاہباز ، شاہد ایوب، عابد الرحمان و دیگران نے بھی گوجری زبان و تمدن کے متعلق طبقہ کے مسائل اُبھارے۔
جموں میں جوینائل جسٹس پر ورکشاپ کااہتمام
جموں//جموں اینڈکشمیر انٹگریٹیڈ پروٹیکشن سروسز اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے اشتراک سے آج جموں میں جوڈیشل افسران ، پولیس افسران ، وکلأاور دیگر متعلقین کے لئے جوینائل جسٹس نظام کی عمل آوری پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوا۔ ورکشاپ کا افتتاح جسٹس راجیش بندل نے لیگل سروسز اَتھارٹی جموں کے چیئرمین وِنود چٹرجی کول کی موجودگی میں کیا۔اپنے اِفتتاحی خطاب میں جسٹس راجیش بندل نے ریاست میں بچوں کے تحفظ سے متعلق نظام کو مستحکم کرنے اور جوینائل جسٹس ایکٹ کی مؤثر عمل آوری میں جوڈیشنل افسران اور پولیس کے رول کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروں کو باہمی تال میل سے کام کرتے ہوئے مذکورہ ایکٹ کو من و عن عملانے پر زور دیا۔سٹیٹ مشن ڈائریکٹر جی اے صوفی نے اپنے خطاب میں آئی سی پی ایس کے کام کاج کو اُجاگر کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ آئی سی پی ایس عدلیہ کے اشتراک سے جوینائل جسٹس ایکٹ اور متعلقہ قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنائے گا۔اُنہوں نے ریاست میں اس ایکٹ کی عمل آوری میں معاونت کے لئے چیف جسٹس ، جسٹس راجیش بندل ،ایگزیکٹیو چیئرمین سٹیٹ لیگل سروسز اَتھارٹی اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جموں اور چیئرمین ڈی ایل ایس اے جموں وِنود چٹرجی کول نے اپنے خطاب میں لیگل سروسز اتھارٹی کے رول اور مذکورہ ایکٹ کی عمل آوری سے متعلق خلاصہ پیش کیا جبکہ سلیکشن کم اوورسائیٹ کمیٹی کے ممبر راجیو کھجوریہ نے بچوں کے تحفظ سے متعلق آئی سی پی ایس کے رول اور آئی سی پی ایس کی عمل آوری میں حائل اڑچنوں کو اُجاگر کیا۔اِس موقعہ پر سٹیٹ مشن ڈائریکٹر جے کے آئی سی پی ایس جی اے صوفی ، ممبر ایس سی او سی راجیو کھجوریہ ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج دلی گیتانجلی گوئیل ، ڈپٹی ڈائریکٹر این آئی پی پی سی ڈی نئی دلّی سنگ مِترا بارک ، سیکرٹری ڈی ایل ایس اے جموں نوشاد علی خان کے علاوہ سپیشل سیکرٹری دلی سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی اور اسسٹنٹ پروفیسر سینٹرل یونیورسٹی آف جموں اقبال مجید اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔
کانگریس نے جموں کے متعدد علاقوں میں انتخابی اجلاس منعقد کئے
جموں //جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ سے کانگریسی امیدوار رمن بھلہ کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے کانگریس نے کھوڑ، پرگوال، نیو پلاٹ، جانی پور، کوٹ بھلوال، جوڑیاں ، چھمب، ڈمی، مالپور، برنائی، کبیر کالونی ،تالاب تلو، شکتی نگر، ریہاڑی میں انتخابی اجلاس منعقد کئے ۔اس موقعہ پر بھلہ کے ہمراہ ڈپٹی سی ایم تارا چند، سابقہ وزیر مولا رام ، ضلع صدر رورل ہری سنگھ ، ریاستی یوتھ صدر اودے بانو چب، ستیش شرما ، سرپنچ ایس ایس شنگھاڑی، پنچ ،کارپوریٹروں ،بلاک صدو ر و دیگران بھی تھے ۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میںبھلہ نے بی جے پی پر اقتدار کی ہوس کیلئے جموں کے مفاد کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوںنے کہا کہ سابقہ سرکار کے شریکوں کے درمیان تال میل کی کمی سے لوگوں خصوصاً جموں کے عوام کو کافی نقصان ہوا ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساڑھے تین سالوں نے ریاست کو پسماندہ کر دیا ،جسکی وجہ سے لوگوں کو تمام محاذوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے لوگوں سے کانگریسی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرناریاست میں سیکولر طاقتوں کی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے لوگوں کو ریاست کی وحدت کے خلاف کام کرنے والوں سے چوکنا کیا۔سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند نے کہ بی جے پی نے 2014میں لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کیا ہے جس سے جموں کے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے اور بی جے پی پر تمام محاذوں پر ناکام رہنے کا الزام لگایا ۔
کانگریس نے جموں ایسٹ میں گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلائی
جموں //کانگریس پارٹی نے جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ میں پارٹی کے امید وار رمن بھلہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لئے وارڈ نمبر 6 ،گوجر نگر میں گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلائی۔ ایک بیان کے مطابق مہم کی قیادت پارٹی کے ضلع صدر وکرم ملہوترہ کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر ممبران بھی تھے۔مہم کے دوران ضلع صدر وکرم ملہوترہ نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں کانگریس پارٹی کے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔لوگوں کے مثبت رد عمل سے پوری ٹیم خوش تھی ۔ اس موقعہ پر ٹیم نے متعدد ووٹروں سے تبادلہ خیال کیا اور انکا تعاون طلب کیا۔کانگریس لیڈر کے ہمراہ کونسلر محی الدین چودھری ، وارڈ صدر مقبول ،چیئر مین جموں مسلم فرنٹ بھی تھے۔