جموں//ضلع الیکشن دفتر جموں نے جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ کمپلیکس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی مشینوں کے بارے میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کے وقت وی وی پی اے ٹی مشین کا استعمال کرنے کے بارے میں بیداری پیدا کرنی تھی۔ورکشاپ میں ایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر جموں رومیش کمار ، جموں بار ایسو سی ایشن کے صدر بی ایس سلاتھیہ ، بار ممبران اور دیگر قانونی ماہرین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ایڈوکیٹ جنرل نے جمہوری اداروں کومزید استحکام بخشنے کے لئے اِنتخابات میں کثرت سے لوگوں کی شرکت کی اہمیت اُجاگر کی۔اُنہوں نے شرکاء کو اِنتخابات میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے پر زور دیا۔ڈی ای او نے اپنے خطاب میں وی وی پی اے ٹی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے وی وی پی اے ٹی اور ای وی ایم کے استعمال سے مکمل طور پر انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے بارے میں شرکاء کو واقف کرایا۔اُنہوں نے ای سی آئی کے اِنتخابات میں لوگوں کی شرکت میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلات پیش کیں۔اُنہوں نے پولنگ مراکز پر جسمانی طور ناخیز و دیگر ایسے لوگوں کے لئے فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ڈی ای او نے کہا کہ پہلی بار جموں پارلیمانی حلقہ انتخاب کے کئی پولنگ مراکز پر خواتین عملہ تعینات کیا گیا ہے۔بار ایسو سی ایشن جموں کے صدر نے الیکشن عمل کے بارے میں ای سی آئی کی طرف سے لوگوں کو بیداری پیدا کرنے کے لئے کئے جارہے اقدامات کی ستائش کی۔ورکشاپ کے دوران کئی کائونٹر قائم کئے گئے تھے جہاں وی وی پی اے ٹی اور ای وی ایم کے بارے میں لوگوں کو لائیو ڈیمانسٹریشن فراہم کی گئی ۔