جموں// ادھم پور پارلیمانی حلقہ انتخاب کے کانگریس امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ نے کہا کہ حلقے میں لوگوں نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی اور روزگار کی فراہمی میں ناکامی کے بعد اب بی جے پی والے ایئر اسٹرائیکس اور دوسری چیزوں کے نام پر لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔وکرم اتیہ سنگھ نے جمعرات کو ضلع کٹھوعہ میں پولنگ مراکز کا دورہ کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا 'لوگ پورے جوش و خروش کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ مجھے پوری امید ہے کہ اس بار لوگ تبدیلی کے لئے ووٹ کریں گے اور مجھے جتائیں گے'۔انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا 'بی جے پی کو بھروسہ ہی نہیں ہے کہ ان کے امیدوار جیت پائیں گے۔ وزیر اعظم مودی ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے حق میں ریلی سے خطاب کرنے کے لئے یہاں آئے تھے لیکن انہوں نے اپنی تقریر میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا نام تک نہیں لیا۔ یہ نہیں کہا کہ ہمارے امیدوار کو کامیاب بناکر پارلیمنٹ بھیجئے۔ اس کا مطلب ہے کہ وزیر اعظم مودی کو معلوم ہے کہ جتیندر سنگھ الیکشن جیت نہیں پائیں گے'۔انہوں نے کہا 'امت شاہ جی بھی آئے تھے لیکن انہوں نے بھی ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا نام نہیں لیا۔ اگر آپ مودی کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں تو وہ یہاں سے الیکشن تو نہیں لڑرہے ہیں'۔وکرم ادتیہ سنگھ نے کہا کہ تعمیر و ترقی اور روزگار کی فراہمی میں ناکامی کے بعد اب بی جے پی والے ایئر اسٹرائیکس اور دوسری چیزوں کے نام پر لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا 'آج لوگوں کا برا حال ہے۔ ہماری ریاست میں ایک لاکھ ڈیلی ویجرس در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ قیمتیں دیکھئے کہ کہاں سے کہاں پہنچ گئیں۔ لوگ پریشان ہیں۔ اب بی جے پی والے ترقی اور روزگار کی فراہمی کے برعکس ایئر سٹرائیکس اور دوسری چیزوں کی بات کرتے ہیں'۔