کولمبو//سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور اس کے مضافات میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 310 تک پہنچ گئی جبکہ پولیس نے مبینہ خود کش بمباروں کے استعمال میں رہنے والی وین کے ڈرائیور سمیت 40 افراد کو گرفتار کرلیا۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے صدر نے ملک کی افواج کو بڑے پیمانے پر مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے اختیارات دے دیئے، خیال رہے کہ یہ اختیارات 26 سال تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے اختتام پر 2009 میں واپس لے لیے گئے تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 310 ہوگئی۔ گارجین کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے بتایا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 45 بچے بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یونیسیف کے ترجمان کرستوفے بولیراک نے جینوا میں رپورٹرز کو بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دیگر بچے زندگی اور موت کی کشمکش سے گزر رہے ہیں اور بچوں کی ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ صدر تھلنگا سماتھی پالا کی جانب سے منگل کے روز یوم سوگ کا اعلان کیا گیا تھا اور اسی روز سری لنکن حکام نے غیر ملکی سفارت کاروں اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور دیگر غیر ملکی ایجنسیوں کو بریفنگ دینے کا منصوبہ بھی بنایا۔ گذشتہ روز حکام نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہیں حملوں کے حوالے سے 2 ہفتے قبل ہی انٹیلی جنس رپورٹ مل گئی تھیں۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز ایسٹر کے موقع پر 8 دھماکے، 3 مسیحی عبادت گاہوں اور دیگر ہوٹلز، میں کیے گئے تھے جبکہ ایک دھماکا دوسرے روز پیر کو چرچ کے قریب عمارت میں ہوا تھا۔