جموں //عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے گورو نانک مشن ہسپتال ،نانک نگر جموں میں اتوار کے روز جدید الٹرا سائونڈ اور ایکسرے مشینوں کا افتتاح کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں ہسپتال کے احاطہ میں ایک سادہ مگر پر وقار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ افتتا حی رسم ناظم صحت ڈاکٹر سمیر مٹو نے انجام دی۔اپنے افتتاحی تقریر میں انہوں نے کہا کہ گورو نانک مشن ہسپتال نے خالصہ ایڈ انٹر نیشنل کے اشتراک سے لوگوں کی خدمات انجام دینے کی ستائش کی اوراس نیک کام کیلئے منیجمنٹ اور عملہ کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ڈاکٹر سریندر سنگھ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ہسپتال کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ڈائریکٹر ایشین پیسفک خالصہ ایڈ انڈیا ایس امریک سنگھ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور خالصہ ایڈ انٹرنیشنل کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ خالصہ ایڈ انٹرنیشنل ہسپتال عملہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہا ہے اور ان کا نمائندہ ایس گگن دیپ سنگھ مستقل طور پر ہی ہسپتال انتظامیہ کے مدد کیلئے بیٹھا ہے۔چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی گورو نانک مشن ہسپتال ایس ٹی ایس وزیر نے اس موقعہ پر اپنے خطاب میںاس نیک کام کے لئے ہر ایک کے تعون خصوصاً خالصہ ایڈ انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترطبی خدمات مہیا کرنے میں کامیابی حاصل کرنا منیجمنٹ کے بہتر کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے ہسپتال کو ایک اولین طبی ادارہ بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔ہسپتال کے سیکرٹری ایس منجیت سنگھ نے نظامت کے فرائض انجام دئے ،جنھوں نے بعد میں شکریہ کا ووٹ بھی پیش کیا۔