ریاض// حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے رمضان مبارک کی تیاری کے سلسلے میں مسجد حرام کے اندر اور اس کے صحنوں میں موجود تمام قالینوں کو ہٹا کر ان کی جگہ نئے قالین بچھا دیے ہیں۔ اس طرح مسجد حرام میں تبدیل کیے جانے والے قالینوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار ہو گئی ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق خدماتی امور کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر محمد الجابری کا کہنا ہے کہ قالینوں کی تبدیلی انتظامیہ کی جانب سے وضع کردہ مربوط منصوبے کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مسجد حرام کا رخ کرنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے تا کہ وہ پوری یکسوئی اور آرام کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔ اس سلسلے میں مسجد حرام میں اعلی معیار کے قالین فراہم کیے گئے ہیں جو مملکت کے اندر تیار ہوئے ہیں۔اس حوالے سے مسجد حرام میں صفائی اور قالینوں کے امور سے متعلق انتظامی شعبے کے سربراہ نائف الجحدلی نے باور کرایا کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی اس بات کی شدید خواہش رکھتی ہے کہ حجاج کرام ، معتمرین اور نمازیوں کے لیے بہترین خدمات کی فراہمی اور ان میں ترقی کو یقینی بنایا جائے تا کہ یہ لوگ مکمل اطمینان، سکون اور سہولت کے ساتھ عبادت کر سکیں۔