لندن// برطانوی شاہی محل نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور کامن ویلتھ کی دعوت پر برطانوی شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن رواں برس اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کینسنگٹن پیلس نے اعلان کیا کہ برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن پاکستان کی وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ کی دعوت پر رواں برس خزاں میں پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔ خیال رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔ کینسنگٹن پیلس کی جانب سے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006 میں پاکستان آئے تھے۔ انسٹاگرام پوسٹ میں 1961 میں ملکہ برطانیہ کی کراچی میں ایوان صدرِ میں تقریب میں شرکت اور 1997 میں راولپنڈی کے کرکٹ گراؤنڈ میں ملکہ الزبتھ دوئم کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے بھی کئی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔