نئی دہلی// سائنس نے زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کی رفتارکو تیزکیاہے۔آج اگر زندگی کو بہتر طورپر گزارنے کے لیے ڈھیر ساری مصنوعات وایجادات کا انبار لگا ہوا ہے تو اس میں بنیادی کردار سائنس کاہے، اس لیے ضروری ہے کہ سائنسی مواد ہر ہندوستانی زبان میں دستیاب ہو،تاکہ ہر شخص سائنس سے فائدہ حاصل کرسکے، لیکن المیہ یہ ہے کہ اردومیں سائنسی موضوعات پر تشفی بخش مواد کی کمی نظرآتی ہے۔ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے صدر دفترمیں منعقدہ ’نیچرل سائنس پینل میٹنگ‘ میں کیا۔انھوںنے کہا کہ اردومیں زیادہ سے زیادہ سائنسی مواد جمع کرنے کے لیے قومی کونسل کا ’ نیچرل سائنس پینل‘ گزشتہ کئی برسوں سے کام کررہاہے جس کے تحت حال ہی میںدرجنوں اہم سائنسی کتابیں شائع کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں آب وہوا، پیڑپودے، جسم وصحت، موسم وغیرہ پر بھی کونسل کی جانب سے کئی کتابیں شائع ہوئی ہیں۔ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مزید کہاکہ یہ پینل ان تمام سائنسی موضوعات پر کتابوںکی اشاعت کو یقینی بنائے گا، جن کی انسانی سماج کو ضرورت ہے۔اس موقعے پر معروف کینسر اسپیشلسٹ ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی نے سائنس کے میدان میں کونسل کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ الگ الگ شعبوںسے سماجی ضروریات و موضوعات کو مزید تلاش کرکے ان پر باضابطہ اور مستحکم کام کیا جائے اور اس کام کی رفتار کو بڑھایاجائے۔ انھوںنے صحت سے متعلق کتابوںکی اشاعت پر بھی زور دیا ،خاص طورپر کینسر جیسے مہلک مرض سے آگہی کے لیے بیداری لانے والی کتابوں کی تالیف وتصنیف اور اشاعت کی تجویزرکھی۔پروفیسر رئیس الدین نے سائنس پر اردومیں لکھی جانے والی کتابوں کے حوالے سے کہاکہ اردومیں سائنسی کتب کی تصنیف وترتیب کے لیے اردو کے اساتذہ کی ورکشاپ کرائی جائے تاکہ طلبا کے لیے لکھی گئی کتابیں مفیدوموثرثابت ہوں۔ انھوںنے کہاکہ جو کتابیں بھی شائع ہوں ان میں اس بات کی نشاندہی کی جائے کہ وہ قارئین کے کس طبقے کے لیے لکھی گئی ہیں۔ اردومیں سائنٹفک ٹرم کی ڈکشنری کے کونسل کے منصوبے کی پروفیسر رئیس الدین نے تائید کی اور کہا کہ یہ کام ترجیحی طورپر کیاجانا چاہیے۔پروفیسر اسداللہ نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کتابوںکی اشاعت پرزوردیا۔ڈاکٹر عزیر عزیزنے کہاکہ سماجی ضروریات کی تکمیل کے لیے کتابوںکی تصنیف وتالیف کاکام اس طرح ہو کہ اردو زبان کی ترویج واشاعت کا مقصد بھی پیش نظررہے۔ نیچرل سائنس پینل کی میٹنگ میں ماحولیاتی، آبی، اور اینٹی بایوٹک جیسے موضوعات پر کام کی تجاویز بھی سامنے آئیں۔آخر میں کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمدنے میٹنگ میں شامل تمام ماہرین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر احمد علی، ڈاکٹر رضا رفیق الحق کے علاوہ کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسرڈاکٹر فیروز عالم، ریسرچ اسسٹنٹ ذیشان فاطمہ، پروجیکٹ اسسٹنٹ ڈاکٹر شاہد اختر انصاری اور محمد یوسف نے شرکت کی۔