لاہور//لاک ڈائون کی وجہ سے بھارت کے مختلف شہروں میں پھنسے 176پاکستانیوں کو کل واگہ سرحد کے ذریعہ وطن واپس بھیج دیا گیا ۔20مارچ سے واگہ اٹاری سرحد سے 400پاکستانی شہریوں کو واپس بھیج دیا گیا ہے ۔پاکستانی شہری اپنے رشتہ داروں سے ملنے کیلئے ہندوستان کے دوہ پر آئے تھے۔ ان میں کچھ مدھیہ پردیش میں تھے تو کچھ چھتیس گڑھ ، دہلی ، مہاراشٹر ، ہریانہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے۔واگہ سرحد پر بی ایس ایف نے ان شہریوں کو پاکستانی رینجرس کے حوالے کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ بھارت سے لوٹنے والے پاکستانیوں کو 72 گھنٹوں کیلئے کوارنٹائن کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں ہندوستان میں پھنسے 193 پاکستانی شہری واگہہ بارڈر کے راستے وطن لوٹ چکے ہیں۔ وہیں اس سے پہلے گزشتہ ماہ ہندوستان سے جانے والی دو خواتین پاکستان میں کورونا پازیٹیو پائی گئی تھیں۔