نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کی وبا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے اور ایک دن میں سب سے زیادہ (8380 )نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں مزید 193 افراد کی موت ہوئی ہے ۔مرکزی صحت اورخاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوارکو جاری تازہ ترین عداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1،82،143 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور5164 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ملک میں ایک دن میں 4614 متاثرین شفایاب ہوئے ہیں جس سے اس بیماری سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 86،984 ہو گئی ہے ۔ ملک میں فی الحال کورونا وائرس کے 89995 فعال کیسز ہیں۔ملک میں ریاست مہاراشٹر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 99 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 65،168 اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2197 ہو گئی ہے ۔ اس دوران ریاست میں 1084 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28081 ہو گئی ہے ۔ کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں متاثرین کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہو چکی ہے ۔ یہاں اب تک 21،184 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 160 اموات ہوئی ہے جبکہ 12،000 لوگوں کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے قومی دارالحکومت کی بھی حالت کافی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور ملک بھر میں دہلی، متاثرین کی تعداد کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ دہلی میں 18،549 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 416 افراد کی جان جا چکی ہے جبکہ 8075 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔کووڈ -19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات چوتھے نمبر پر ہے ۔