نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس (کووڈ 19) سے 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 331 اموات ہوئیں اور اس عرصے کے دوران متاثرین کے نئے کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 9987 ہوگئی۔منگل کوصحت و خاندانی بہبودکی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 266598 ہوگئی ہے ، جن میں 9987 نئے کیسزبھی شامل ہیں ، جبکہ اس بیماری سے 7466 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 129215 افراد اس وبا سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اس وبا سے ملک میں مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس ریاست میں 2553 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور109 افراد کی موت ہوئی ہے ، ریاست میں اس جان لیوائرس کے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 88528 اور اس وبا سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3169 ہوگئی ہے ۔ اس عرصے کے دوران ، ریاست میں 1661 افراد بیماریوں سے پاک ہوچکے ہیں،جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 40975 ہوگئی ہے ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں اس جان لیوا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 33229 ہوگئی ہے اور 286 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ علاج کے بعد 17527 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔کرونا کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے دہلی ملک میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ دہلی میں اب تک 29943 افراد متاثر اور874 افراد فوت ہوچکے ہیں ، جبکہ علاج کے بعد 11357 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملے میں چوتھے مقام پر ہے اگرچہ اموات کی تعداد کے معاملے میں ریاست مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 20545 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور 1280 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ 13956 افراد اس مرض سے ٹھیک ہونے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 10947 کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور 283 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 6344 افراد شفایاب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔راجستھان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ پورے زوروں پر ہے اور اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10763 ہوگئی ہے اور 246 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، جبکہ 8004 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔مدھیہ پردیش میں ، 9328 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اس سے وبا سے 414 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 6536 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔مغربی بنگال میں ، 8613 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں.۔
کورونا انفکشن سے نمٹنے سے متعلق اقدامات
وزراتی گروپ کی 16ویں میٹنگ میںجائزہ لیا گیا
نئی دہلی //ملک میں کورونا انفکشن سے نمٹنے کے لئے اپنائی جارہی حکمت عملی کے بارے میں کل یہاں وزراتی گروپ کی 16ویں میٹنگ میں سبھی ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے کی ۔میٹنگ میں وزراگروپ کو ملک میں کورونا انفکشن سے نمٹنے کے لئے اٹھائے جارہے اقدام اور دنیا کے دیگر ممالک اور ہندوستان کی صورت حال کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران کئے گئے اقدامات،لاک ڈاؤن کے فوائد اور اس میں رعایت دینے کے بعد کی صورت حال اور کورونا مریضوں کے انتظام کے تعلق سے تفصیلی معلومات مہیا کرائی گئی۔