سیتامڑھی// ہند۔ نیپال سرحد پر نیپالی پولیس کی طرف سے زبردست فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے اس واقعہ میں جہاں چار ہندوستانیوں کو گولی لگی ہے، وہیں ایک شخص کی موت بھی ہو گئی ہے۔بہار کے سیتامڑھی ضلع کے پولیس ایس پی انیل کمار نے اس واقع کی تصدیق کی اور کہا کہ سیتامڑی کے سونبرسا علاقے میں انڈیا کی طرف سے جانکی نگر اور نیپال کے علاقے ناراینپور میں جمعہ کے روز صبح ساڑھے آٹھ سے نو بجے کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔تاہم انہوں نے اس جھڑپ کی وجہ واضح نہیں کی۔ نیپال کی جانب سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیپالی سکیورٹی فورس نے اس وقت گولیاں چلائیں جب کچھ انڈین شہریوں نے نیپال میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کی۔ ضلع سپتاری کے اعلیٰ اہلکار شنکر ہری آچاریہ کا کہنا ہے کہ یہ سمگلر تھے جو پہلے کم اور پھر بڑی تعداد میں آئے۔تاہم ہلاک ہونے والے شخص ویکیش رائے کے والد ناگیشور رائے نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ’سرحد کے قریب واقع کھیت پر صبح پانچ چھ لوگ کام کرنے گئے تھے۔ نیپالی پولیس والوں نے انھیں کام کرنے سے منع کیا۔ اس کے بعد نیپال پولیس نے گولی چلا دی جس میں میرے بیٹے ویکیش رائے کو سینے پر گولی لگی اور اس کی موت ہو گئی۔ نیپال پولیس نے سولہ سترہ بار گولیاں چلائیں۔‘انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سرحد کو سیل کر دیا گیا تھا۔ جمعہ کی صبح دو خاندان نو مینز لینڈ پر ملنے آئے تھے۔ ان میں سے ایک انڈین نڑاد نیپالی خاندان تھا اور دوسرا انڈین۔ دونوں کے خواتین آپس میں بات کر رہی تھیں تو نیپالی پولیس انھیں بھگانے لگی۔ وہاں موجود خاندان کے مردوں نے پولیس کو ایسا کرنے سے منع کیا، جس پر ان کی ہلکی جھڑپ ہوئی اور نیپالی پولیس نے گولی چلا دی۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ان میں سے ایک شخص کو نیپالی پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔بتا دیں کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان سرحد کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔