نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کووڈ 19 کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے سب سے زیادہ 11،502 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دوران 325 مزید افراد کی موت ہوگئی ہے ۔مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئے کیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 3،32،424 ہوگئی ہے ۔ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 9520 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 1،53،106 فعال واقعات ہیں جبکہ اس وبا سے نجات پانے والے افراد کی تعداد 1،69،798 ہے ۔ملک میں اس وبا سے مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 3390 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور 120 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 1،07،958 ہوگئی ہے ۔ اس جان لیوا وائرس سے 3950 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اس دوران ریاست میں 1632 افراد صحت مند ہوچکے ہیں ۔ اس بیماری سے صحت مند افراد کی کل تعداد 50،978 ہوگئی ہے ۔ کورونا سے متاثر تمل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 44،661 پر پہنچ گئی ہے جبکہ 435 افراد اپنی جان گنواچکے ہیں اور 24،547 لوگوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے ۔کورونا کی وجہ سے راجدھانی دہلی کی حالت مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے اورملک میں کورونا وائرس سے متاثر دہلی تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 41،182 ہے جن میں 1327 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 15،823مریض صحتیاب ہوکر اسپتالوں سے جاچکے ہیں۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 کے اثرات کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن اموات کے معاملے میں ریاست مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 23،544 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1477 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔وہیں 16،325 افراد اس مرض سے بازیاب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 13،615 افراد کورونا وائرس کی زد میں آچکے ہیں۔ اب تک یہاں399 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 8268 افراد صحت مند ہوئے ہیں۔راجستھان میں بھی کورونا کا قہر جاری ہے یہاں 12،694 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 292 لوگوں کی جانیں جاچکی ہیں اور 9566 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔مغربی بنگال متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے آج مدھیہ پردیش سے آگے نکل گیا۔ ریاست میں 11،087 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جہاں 475 افراد ہلاک اور 5060 لوگ اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 10،802 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس سے 459 افرادکی موت ہوئی ہے جبکہ 7677 مریض بازیاب ہوچکے ہیں۔جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں 7000 اور آندھرا پردیش میں 6163 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان ریاستوں میں اموات کی تعداد بالترتیب 86 اور 84 ہے ۔
ٹھیک ہونے والوں کی شرح میں اضافہ
نئی دہلی// کورونا وائرس کووڈ -19' کے نئے معاملے بڑھنے کی شرح گزشتہ ہفتے کم ہو کر 30 فیصد سے نیچے رہ گئی جبکہ اس دوران وبا کو شکست دے کر صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے بڑھنے سے فعال معاملے صرف 22 فیصد کی شرح سے بڑھے ۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق، جون کے پہلے ہفتے میں کورونا کے 66076 نئے معاملے سامنے آئے تھے ۔ ملک بھر میں یکم جون کی صبح کل 190535 کورونا متاثرہ تھے جن کی تعداد 8 جون کی صبح تک بڑھ کر 256611 ہو گئی۔ اس طرح اس میں 34.68 فیصد کا اضافہ ہوا۔جون کے دوسرے ہفتے میں یہ انفیکشن کی شرح کم ہوکر 29.54 رہ گئی اور کل 75813 نئے معا ملے سامنے آئے ۔ایک طرف جہاں نئے انفیکشن کی رفتار سست پڑی ہے ، وہیں دوسری طرف صحت مند ہونے والے مریضوں کی شرح بڑھنے سے فعال معاملات کی رفتار کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ۔