سرینگر//مکہ مکرمہ کی تمام مساجد کھولنے کی خوش خبری سْنا دی گئی ہے۔ گزشتہ تین ماہ سے بند پڑی 1560 مساجد 21 جون سے عوام کیلئے کھْل جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مکہ معظمہ کی بند کی گئی تمام مساجد کو اتوار کی نماز فجر سے احتیاطی تدابیرکے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ معظمہ کی 1560 مساجد کو اتوار سے نماز کے لیے کھول دیا جائے گا۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مکہ معظمہ کی مساجد میں با جماعت نماز کی اجازت دئے جانے کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سختی سے تاکید گئی ہے۔مساجد میں آنے والے شہری مسجد میں کسی ایک جگہ ہی نماز ادا کریں گے۔تمام نمازی گھر سے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں گے۔ دو صفوں کے درمیان ایک صف کا فاصلہ اور نمازیوں کے درمیان سماجی دوری کو یقینی بنایا جائے گا۔مساجد میں نمازیوں کی آمد سے قبل ان کی صفائی اور دیگر انتظامات کے لیے مساجد کی انتظامیہ کے علاوہ رضا کار بھی معاونت کریں گے۔ نمازیوں کو کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے وزارت صحت اور وزارت مذہبی امور کے حکام مل کرکام کریں گے۔مکہ معظمہ کی العزیزیہ کالونی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ابراہیم ملی نے ایک بیان میں کہا کہ مکہ معظمہ کی تمام مساجد کو نمازیوں کے استقبال کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ مساجد میں نمازیوں کی سماجی دوری کو یقینی بنانے کے اہتمام کے ساتھ دیگر ضروری اقدامات اور ہدایات پرعمل درآمد کرانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔(سی این آئی)