واشنگٹن// امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو سابق حریف ہیلری کلنٹن سے بھی کمزور قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ باآسانی دوبارہ الیکشن جیت جائیں گے ۔ تاہم تسلیم کیا ہے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ انہیں ہرادیں گے ۔امریکی اخبار کو خصوصی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے 2016 میں ہیلری کلنٹن سے مقابلے کا موازنہ کیا اور کہا کہ جوبائیڈن کہیں زیادہ کمزور امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری سے متعلق بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ ہر ماہ امریکہ بہتر سے بہتر ہورہا ہے ۔ تیسری سہ ماہی میں جی ڈی پی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوگی۔ تاہم ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم نہ ہو، وہ سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں کہ امریکہ نہ کھلے ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ خدشات ڈاک کے ذریعے ہونے والی ووٹنگ سے ہیں ہے کیونکہ یہ وہ واحد طریقہ ہے جس سے وہ الیکشن ہار سکتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس دھوکے بازی کرتے ہیں اور الیکشن چرا سکتے ہیں۔ غیرقانونی ووٹنگ کی جاسکتی ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ ری پبلکن علاقوں میں بیلٹ بھیجے ہی نہ جائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ وہ جیفرسن یادگار جیسی وفاقی یادگاروں کا تحفظ کرنے کے لیے پالیسی بیان جاری کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین امریکہ کی تاریخ اور ثقافت کو چھیننا چاہتے ہیں تاہم ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سپریم کورٹ میں قدامت پسند جج تعینات کئے جائیں گے ۔(یواین آئی)