جموں//جموں میں 15اگست کی تقریب جوش و خروش سے منائی گئی ۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرمانے ترنگا لہریا اورپریڈ پر سلامی لی جس میںپولیس ، آرمڈ پولیس،بی ایس ایف ،سی آر پی ایف ، ڈی آر ایف ، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور آئی آر پی کے دستوں نے شرکت کی۔پرید پر سلامی لینے لینے کے بعد مشیرموصوف نے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے ایک طویل جدو جہد کے بعد آزادی حاصل کی اور یہ دن ہمارے ملک کی کثرت میں وحدت کی علامت ہے ‘‘۔انہوں نے حکومت کی جانب سے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں اور کاموں کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جموں کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُجالا سکیم کے تحت 16 لاکھ کنبوں میں ایل ای ڈی بلب تقسیم کئے گئے اور اجولا یوجنا کے تحت 12 لاکھ کنبوں کو ایل پی جی سلینڈر فراہم کئے گئے ۔ اسی طرح آیوشمان بھارت کے تحت 20 لاکھ بیمے کرائے گئے ۔ شرما نے کہا کہ جموں اور سرینگر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور روپ وے پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے اور دیگر سیاحتی مقامات کو ترقی دی جا رہی ہے ۔ بے روز گاری کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ 11 ہزار اسامیوں کو بھرتی کیلئے مشتہر کیا گیا ہے ۔مشیرموصوف نے کہا کہ حکومت نے پنچائتی راج اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور اب پنچائتی راج اداروں کے ارکان کے کھاتوں میں براہ راست رقومات منتقل کی جا رہی ہیں تا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کی ترقی یقینی بنا سکیں ۔ مشیر نے صحت ، تعمیراتِ عامہ ، اطلاعات ، مال ، پولیس ، جے ایم سی ، تعلیم اور دیہی ترقی محکموں اور اداروں کی جانب سے کووڈ 19 وباء کے دوران بے مثال خدمات فراہم کرنے کیلئے سراہا ۔ انہوں نے 43کورونا ویرئرس کو بھی مبارکباد پیش کی جن میں ڈاکٹر ششی سودھن سربراہ مائیکرو بیالوجی جی ایم سی ، ڈاکٹر شاہد حسین نوڈل افسر سی ایم او دفتر ، جسمیت سنگھ اے سی نزول ، ستیش شرما نوڈل افسر سب رجسٹرار اودھمپور شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر قبل از وقت ریکارڈ کئے گئے ویڈیو بلیدان ستمب ، باہو فورٹ امر پیلس اور مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس میں پیش کئے گئے جن میں حُب الوطنی اور ثقافت کی عکاسی کی گئی ۔ یہ ویڈیو محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی جانب سے پیش کئے گئے ۔ بی ایس ایف اور جے کے پی کے بینڈ نے حب الوطنی کے نغمے پیش کئے ۔ رُکنِ پارلیمان جگل کشور شرما ، راجیہ سبھا کے رُکن شمشیر سنگھ منہاس ، مئیر جی ایم سی چندر موہن گپتا ، پرنسپل سیکرٹریز ، ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی ، ڈپٹی کمشنر جموں ، مختلف محکموں کے سربراہان اور اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔