سر ینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں ثقافتی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔مشیر نے اِن باتوں کا اِظہار جموں و کشمیر میں ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے سلسلے میں یہاں سول سیکریٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں ثقافتی اور سیاحتی محکموں کے اَفسران نے شرکت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ جب ہم اس وبائی امراض کے پیش نظر طویل عرصے کے بعد اس کی شروعات کر رہے ہیں تو ہمیں ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے زمین سطح پر پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ثقافتی سرگرمیوں کو صرف جموں اور سرینگر شہروں تک ہی محدود نہیں رکھا جائے بلکہ تمام اضلاع میں سرگرمیاں سرانجام دی جائیں۔مشیر موصوف نے آنے والے دنوں میں ثقافتی محکمہ کی سرگرمیوںکا کلینڈ ر مرتب کرنے کے لئے کہا اور کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے تحفظ اور فروغ میں محکمہ ثقافتی کا کردار بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ثقافتی سرگرمیوں کے احیائے نو کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں ثقافتی سرگرمیوں کو وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔مشیر موصوف نے مبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس کے کام کے لئے بھی ہدایت دی کہ یہ جموں و کشمیر کی تاریخ اور ثقافت کے سب سے نمایاں مقام کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی جلد بحالی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پہلگام میں 2 روزہ فیسٹول کے کامیاب اِنعقاد پر محکمہ سیاحت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سیاحت اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی پر اچھے اثرات مرتب کئے ہیں ۔ اس موقعہ پر سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ سرگرم عمل رہیں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں۔ انہوں نے افسران کو جموں میں ڈوگری فوڈ فیسٹول کا اِنعقاد کرنے کے لئے بھی کہا۔اس موقع پر ناظم آرکائیوز ، آرکیالوجی اور میوزیم منیر الاسلام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے 110 دن کا پروگرام بنایا ہے اور آنے والے دنوں میں ثقافتی سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔اِس موقعہ پرفارمنگ آرٹسٹوں نے اَپنے درپیش مسائل مشیر موصوف کو گوش گذار کئے ۔ مشیر نے اُنہیں بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔