نئی دہلی //ہوائی سروس کے ذریعے جموں وکشمیر سمیت دیگر شمال مشرقی ریاستوں میں 41سبزیوں اور پھلوں کی نقل وحمل کیلئے مرکزی سرکار نے 50فیصد سبسڈی فراہم کرنے کا علان کیا ہے ۔مرکز سرکار نے بدھ کے روز ایک اہم اسکیم کا اعلان کیا جس میں بتایا گیا کہ 41سبزیوں اور پھلوں کی نقل و حمل طیاروں کے ذریعہ کرنے کیلئے 50 فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی۔مرکزی سرکار کے مطابق اس سامان کی ہوائی نقل وحمل کی اجازت جموں وکشمیر سمیت اروناچل پردیش ، آسام ، منی پور ، میگھالیہ ، میزورم ، ناگالینڈ، تریپورہ ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کیلئے ہو گی ۔ان پہاڑی ریاستوں میں جموں کشمیر اور لداخ بھی شامل ہیں ۔ مرکزی یونین کے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریزی نے کہا ہے کہ نقل و حمل کی سبسڈی ’آپریشن گرین اسکیم کے حصے کے طور پر فراہم کی جائے گی۔ایئر لائنز براہ راست سپلائی کرنے والے ایجنٹ کو ٹرانسپورٹ سبسڈی فراہم کرے گی ،تاکہ وہ طے شدہ معاہدہ کے مطابق فروٹ چارجز میں سے صرف 50 فیصد وصول کرے اور وزارت فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری سے 50 فیصد باقی سبسڈی کے طور پر دعوی کرے گی۔ان پھلوں میں آم ، کیلے ، امرود ، کیوی ، لیچی ، موسمبی ، سنترہ ، کینو ، چونا ، لیمو ، پپیتا ، انناس ، انار ، سیب ، بادام ، ناشپاتی ، میٹھا آلو وغیرہ شامل ہیں جبکہ 20 سبزیاںجس میں فراج بین ، کڑوی لوکی ، گاجر ، گوبھی ،مرچ (گرین) ، ککڑی ، مٹر ، لہسن ، پیاز ، آلو ، ٹماٹر ، بڑی الائچی ، کدو ، ادرک ، گوبھی اور ہلدی (خشک) بھی اہل ہیں۔ادھرہوائی سروس کے ذریعے سبزیوں اور پھلوں کو سرینگر ہوئی اڈے سے دوسری ریاستوں میںمنتقل کرنے کیلئے 50فیصد سب سیڈی دینے پر محکمہ باغبانی کشمیر میں مرکزی سرکار کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ محکمہ کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سے کشمیر کے ہاٹیکلچر سیکٹر کو کافی فائدہ ملے گا اور یہ شعبہ ترقی کرے گا ۔