سرینگر// تجارتی انجمنوں میں جامع اتحاد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم نے حاجی محمد یاسین خان کی قیادت والی کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ساتھ ملاقات کی،جس کے دوران اتحاد و اتفاق اور تمام تجارتی انجمنوں کو ایک ہی پرچم تلے جمع کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ کے دوران طرفین نے اتحاد و اتفاق کو کامیابی اور تاجروں کی فلاح کیلئے زینہ قرار دیتے ہوئے ان کاوشوں کی سراہنا کی۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فکیچرس فیڈریشن کے صدر حاجی محمد یاسین خان نے واضح کیا کہ ان کی انجمن اتحاد کے خلاف نہیں ہے،بلکہ یہ ایک مثبت پہل ہے،جس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اتحاد کیلئے طریقہ کار اور دیگر معاملات طے کرنے کیلئے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن اپنے لیڈراں کی نشست میں آرائیں حاصل کریںگے۔ محمد یاسین خان کے ٹی ایم ایف کے جنرل سیکریٹری بشیر احمد کونگپوش سمیت اس میٹنگ میں شامل ہوئے۔ خان نے کہا کہ ماضی میں بھی تجارتی اتحاد کیلئے انہوں نے کئی بار کاوشیں کیں،تاہم خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے،تاہم انہوں نے کہا کہ وہ نئی کاوشوں کی حوصلہ شکنی کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریںگے۔محمد یاسین خان نے کہا کہ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کی80سالہ تاریخ ہے اور یہ کسی ایک شخص یا فرد کی انجمن نہیں بلکہ تمام تاجروں کو چاہے کہ وہ واحد پلیٹ فارم تلے جمع ہو، تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ہوسکیں۔میٹنگ کے دوران کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم کے چیئرمین فاروق احمد ڈار نے کہا کہ تجارتی انجمنوں کو واحد جھنڈے تلے لانے کیلئے انہوں نے خلوص کی نیت پر یہ کوشش شروع کی ہے،جس میں اب تک انہیں حتی المقدور کامیابی حاصل ہوئی۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بانت بانت کی بولیاں بولنے کے بجائے متفقہ طور پر تجارتی آواز کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے تجارتی لیڈرشپ کو اپنی انا چھوڑ کر ایک ہی پلیٹ فارم کے نیچے جمع ہوکر متفقہ اور متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئیے جدوجہد کا مشورہ دیا۔فورم کے نائب چیئرمین فیاض احمد بٹ نے بھی میٹنگ میں اس بات کی حامی بھر لی کہ اتحاد و اتفاق سے ہی تاجروں اور کاروباریوں کے جملہ مسائل کا ازالہ ہوسکتا ہے۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک اور دھڑے کے قائمقام چیئرمین محمد رجب کچھے نے بھی میٹنگ کے دوران کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم کی جانب سے شروع کی گئی اتحاد کی پہل کو سراہاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ قدم شعوری طور پر اٹھایا ہے۔میٹنگ میں ،سنیئر ٹریڈ لیڈر معراج الدین خان اور عبدارحمان صوفی بھی موجود تھے۔