سرینگر//جموں وکشمیر بنک کے چیئرمین اورمنیجنگ ڈائریکٹرآر کے چبرنے بنک بھرتی میںمکمل شفافیت کا یقین دلاتے ہوئے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ امتحان کی تیاریوں کے لئے نصاب پر توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے بنک میں بھرتی ہونے کیلئے امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں سے سرگرم جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل بھی کی ہے ۔ کے این ایس کیساتھ خصوصی گفتگو کے دوران جموں و کشمیر بنک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائر ایکٹر آر کے چبر نے بنک کی جانب سے جاری بھرتی عمل میں کسی قسم کے اثر رسوخ یا کسی اور قسم کے لین دین کو خارج کرتے ہوئے بتایا کہ بھرتی کے لئے امتحان میں شامل ہونے والے تمام امیدوار صرف امتحانی نصاب پر توجہ مرکوز کریں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی۔چبر نے لوگوں خاص کر امیدواروں کو اس بارے میں ہوشیار رہنے کی صلاح دی ہے کہ کچھ لوگ بازار میںگھوم رہے ہیں کہ ہم آپ کا کام کریں گے ۔انہوں نے کہا،’’ بنک کی بھرتی کے لئے دیانت دار افسران کی ایک ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے ،جہاں کسی قسم کی ناانصافی یا لین دین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘‘۔ انہوں نے کہا،’ ’ہم نے بھرتی کے لئے تمام تر تیاری مکمل کرلی ہے‘‘۔انہوں نے کہا امیدواروں کو مطالعے پر توجہ دینی چاہئے اور امتحان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد انٹرویو لیا جائے گا۔ان کا کہناتھا’’میں یقین دلاتاہوں کہ قابل امیدواروں کو کسی طرح پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے‘‘ ۔چبر نے بتایا،’’ میں اپنی ٹیم کی جانب سے یقین دلاتاہوں کہ کچھ بھی غلط نہیں ہوگا۔‘‘بنک کے منیجنگ ڈائر ایکٹرنے جموں و کشمیر بینک کی موجودہ مالی حالت کے بارے میں کہا ،’ ’ستمبر 2019میں ، جموں و کشمیر بینک کو 894 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا اور اس سال ستمبر میں ہم نے 50 کروڑ منافع ریکارڈ کیاہے۔ ہمارے حصص کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور ہماری بنیاد مضبوط ہے‘‘۔انہوں نے کہا ہمارے پاس اثاثوں کے ساتھ ساتھ واجبات کے معاملے میں بھی 10% فیصد اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک نے جموں و کشمیر یوٹی میں دو مہینوں میں نئے 14000صارفین کو جوڑا ہے۔انہوں نے کہا بنک سے مستفید ہونے والوں کے لئے لوازمات کو آسان بنا دیاگیا ہے۔چبر نے کہا میں یہ کریڈٹ عملے کو دیتاہوں ۔چببر نے خواہش مند نوجوانوںجو کار چلانا چاہتے ہیںکوجے اینڈ کے بینک کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی بھی اپیل کی۔منیجنگ ڈائر ایکٹر نے کہا ’جو لوگ کاروبار کرنا چاہتے ہیں وہ جموں و کشمیر بینک کی کسی بھی شاخ میں جا سکتے ہیں،ہم مالی مددکے لئے تیار ہیں‘۔ان کا کہناتھا ’ ہر برانچ میں ہم نے خواہشمند کاروباری افراد کی سہولت کے لئے ایک افسر نامزد کیا ہے‘‘۔