سرینگر //جموں و کشمیر بینک کیساتھ ساتھ دیگر سرکاری محکموں اور نیم سرکاری اداروں نے سالانہ کلینڈر اور ڈائریز جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔جموں کشمیر بینک نے کہا ہے کہ بینک ڈیجیٹل کلینڈر اور ڈائریز جاری کرے گا۔ جموں و کشمیر بینک کی جانب سے جاری کئے گئے ایک سر کیو لر زیر نمبر 589میں لکھا گیاہے کہ بینک ہر سال کلینڈراور ڈائریز اپنے گاہکوں، ڈیلروں اور عام لوگوں میں تقسیم کرتا آیا ہے جسکی وجہ سے بینک اور عام لوگوں کے درمیان ایک جذباتی رشتہ قائم ہوگیا ہے۔بینک نے اپنے سرکیولر میں مزید لکھا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے بعد زندگی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کیلئے ڈیجیٹل طریقہ کار اپنا گیا ہے ۔ بینک نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے 2ستمبر کو تمام سرکاری محکمہ جات، جن میں بینک اور دیگر سرکاری ادارے شامل ہیں، کو ہدایات جاری کیں کہ اقتصادی سرگرمیوں کیلئے ڈیجیٹل کلینڈر اور ڈائریز کا استعمال کریں اور ان ڈیجیٹل کلینڈروں اور ڈائریز کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔ بینک نے اپنے تمام ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ گاہکوں کو ڈیجلٹلازیشن کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حولے سے جانکاری دیں ۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ کوئی بھی سرکاری محکمہ بھی امسال سے کوئی کلینڈر جاری نہیں کریگا۔