جموں//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج لڑکیوں کے دستے کو گلمرگ میں 15 روزہ سکی کورس کیلئے روانہ کیا ۔ سکی تربیت پانے والوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کئے جا رہے مواقعہ سے استفادہ کر کے اپنی توانائیوں کو مثبت سمت دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر حکومت نوجوانوں کیلئے معقول پلیٹ فارم قائم کر رہی ہے اور ابھرتے کھلاڑیوں کو بھی لازمی تربیت فراہم کر رہی ہے جس کیلئے بہترین کوچوں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی حکومت جموں کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی نشاندہی اور انہیں فروغ دینے کیلئے وعدہ بند ہے جس کیلئے متواتر معاونت، ساز و سامان ، بنیادی ڈھانچہ اور دیگر ضروری سامان کے ذریعے کی جا رہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے محکمہ کھیل کود اور امور نوجوان کو تربیت پانے والے سکیروں کیلئے بہترین سہولیات فراہم رکھنے کیلئے کہا اور ان کی معاونت کیلئے مختلف مقامات پر عملے کو دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔ جن سکیروں نے پہلے ہی اپنی تربیت مکمل کی ہے انہوں نے یو ٹی انتظامیہ کو انہیں بہترین کوچوں کے ذریعے تربیت فراہم کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ موجودہ بیچ میں پونچھ ، کٹھوعہ ، جموں ، رام بن ، کشتواڑ ، بڈگام ، بارہمولہ ، گاندر بل ، اننت ناگ اور کپواڑہ کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طالبات پر مشتمل ہے ۔ ڈھائی ماہ طویل پروگرام کے دوران 600 اُبھرتے کھلاڑی جن میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہیں کو اولمپک کھلاڑی گل مصطفیٰ اور دیگر تجربہ کار کوچ تربیت دیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، سیکرٹری محکمہ امور نوجوان و کھیل کود ، ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموں کشمیر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔