واشنگٹن //نومنتخب صدر جو بائیڈن کے امریکہ میں اقتدار سنبھالنے سے پانچ روز قبل ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کے تشدد نہ کریں اور امن وامان برقرار رکھیں۔ دنیا بھرمیں بدنامی اور امریکہ میں مواخذہ کی تحریک سے بوکھلا کر صدر ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے تشدد سے گریز اور پرامن رہنے کی اپیل کردی۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کسی قسم کی قانون شکنی نہ کریںاور جذبات قابو میں رکھیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں مواخذے پر کوئی بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد کا کوئی جواز اور کوئی معافی نہیں، پارلیمنٹ پر حملے میں ملوث افراد کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ دوسری جانب ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کے بعد اب اسنیپ چیٹ نے بھی ان اکاونٹ مستقل طور پر بند کر دیا۔ خیال رہے گزشتہ تین دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب صدر ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل 12 جنوری کو اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ تشدد نہیں چاہتے۔ جہاں تک ان کا مطلب ہے ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں کسی بھی طرح کا کوئی تشدد نہ ہو۔ تشدد حل نہیں ہے اور ہم یہ بالکل نہیں چاہتے ہیں۔یواین آئی