سرینگر //پاکستان بھارت کے مزموم عزائم کو بے نقاب کرتارہے گا۔بھارتی حکومت نے بالاکوٹ معاملے کو انتخابی فائدے کیلئے استعمال کیااورمیں نے2019میں اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں بھارت کی حکومت کو بے نقاب کیا تھا۔بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگوسے بھارتی میڈیا اوروہاں کی سرکارکے درمیان گٹھ جوڑ افشا ہو گیا اورپاکستان بھارتی عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ا ِن باتوں کااظہار پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کیا ہے ۔کے این ٹی کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انتخابات جیتنے کیلئے خطرناک فوجی مہم جوئی خطے کو غیر مستحکم کرنے کا باعث بنی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مہم جوئی پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتی تھی اور عالمی برادری بھارت کے ایسے ارادوں کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارنہ رویے اور بالاکوٹ پر مناسب جواب کے ذریعے ایک بڑے بحران کو روک لیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجودبھارت کی حکومت نے بھارت کو شدت پسند ریاست بنانے کاکام جاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کی سہولت کاری بے نقاب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بھارت کے ذرائع ابلاغ نے گندے گٹھ جوڑ کو آشکار کردیا ہے اور یہ گٹھ جوڑاس خطے کوناقابل متحمل تنازعہ کی طرف دھکیل رہا ہے۔