جموں//عوامی شکایات ازالہ نظام میں اصلاحات لانے کی جموں کشمیر حکومت کی پہل کو جاری رکھتے ہوئے لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے عوامی شکایات شنوائی ۔ ایل جیز ملاقات کا چوتھا دور سول سیکرٹریٹ میں منعقد کیا ۔ دو گھنٹہ طویل لائیو پروگرام کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے22 درخواست دہندگان کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلہ خیال کیا اور اُن کی شکایات و مسائل کا موقعہ پر جائیزہ لیا ۔ آج کی ملاقات ایل جی ملاقات پروگرام کی تازہ ترین کڑی تھی جو ہر ماہ یو ٹی میں منعقد ہوتی ہے اور جس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر لوگوں کی شکایات و مسائل کا موقعہ پر ہی ازالہ کر کے شکایات کے ازالہ نظام کو موثر اور فعال بناتے ہیں ۔ ملاقات چند درخواست دہندگان کیلئے سود مند ثابت ہوئی جب لیفٹیننٹ گورنر نے اُن کے مسائل کا موقعہ پر ہی ازالہ کیا جبکہ باقی ماندہ مسائل کے حل کیلئے مدت مقرر کی گئی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ زکائتی ازالہ نظام کو ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے تا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی حکومت انتظامی نظام کو شفاف ذمہ دار اور جوابدہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ براہ راست تبادلہ خیال کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی کے ڈھانچے میں بہتری لانا ہے اور اسے موثر اور فعال بنانا ہے ۔ آن لائین گریوونس ریڈریسل سسٹم جے کے ۔ آئی جی آر اے ایم سے متعلق لوگوں سے آراء طلب کرنے کے بعدلیفٹیننٹ گورنر نے افسروں کو عوامی مسائل کے تئیں حساس رویہ اختیار کر کے عام لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے لازمی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ۔ ایک معاملے میں درخواست دہندہ نے مٹی سے برتن بنانے کے اپنے آبائی پیشہ کو بچانے کیلئے خام مواد کی قلت کا ازالہ کرنے کی درخواست کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس ضمن میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو کمہار کے مسئلے کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت دی ۔ اسی طرح ایک نجی ہسپتال کے مالک نے متعلقہ سکیموں کے فوائد کی توسیع کا معاملہ اٹھایا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں یو ٹی حکومت کی جانب سے جے کے ہیلتھ انوسٹمنٹ پالیسی اور نئی صنعتی سکیم کے تحت ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ۔ ایک سماجی کارکن نے کمپوزٹ ریجنل سنٹر کے قیام کیلئے اراضی کی الاٹمنٹ کا معاملہ اٹھایا لیفٹیننٹ گورنر نے ڈویژنل کمشنر کو اس ضمن میں اراضی کی نشاندہی کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے درخواست دہندہ کو اُن کی درخواست مرکزی وزارت برائے سماجی انصاف و بااختیاری کو بھیجنے کا بھی یقین دلایا ۔ اس سے قبل سیکرٹری عوامی شکایات نے لفٹینٹ گورنر کو موصول شدہ شکایات کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے شکایات ازالہ نظام کو موثر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ تبادلہ خیال کے دوران چیف سیکرٹری ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، انتظامی سیکریٹری ، صوبائی کمشنران ، ڈپٹی کمشنران ، سپرنٹنڈنٹ پولیس ، مختلف محکموں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ افسران یا تو از خود موجود تھے یا بذریعہ ورچول طریقہ کار تبادلہ خیال نشست میں شرکت کی ۔