شوپیان//جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کے امر بگ امام صاحب علاقے میں قائم ایک سرکاری پرائمری اسکول میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔ اسکول کی طرف جانے والے راستوں پر برف ہونے کی وجہ سے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار اسکول تک نہیں پہنچ پائے جس کے نتیجے میں اسکولی عمارت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔مقامی لوگوں کے مطابق جمعرات کی شام دیر گئے قریب 6 بجکر 45 منٹ پر امر بگ امام صاحب علاقے میں ایک گورنمنٹ پرائمری اسکول سے اچانک آگ نمودار ہوئی جو بستی سے قریب آدھے کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں پہلے سے ہی پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگ آگ بجھانے میں ناکام رہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسکول کی طرف جانے والے راستے پر قریب دو فٹ برف جمع ہے جس کی وجہ اس راستے پر گاڑی نہیں چل پائی اور دیکھتے ہی دیکھتے اسکول راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوکر رہ گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار وقت پر علاقے میں پہنچ نہیں پائے اور سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے اسکول تک ان کی گاڑی وقت پر نہیں پہنچ پائی جس کی وجہ سے اسکولی عمارت پوری طرح خاکستر ہوگئی۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔یادرہے کہ رواں ماہ کی 21 تاریخ کو شوپیان ضلع کے نادی گام علاقے میں بھی اسی طرح کے واقع میں ایک سرکاری اسکول میں آگ لگی تھی اور اسکولی عمارت کو کافی نقصان پہنچا تھا۔