سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ عوامی مسائل اور مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جو کہ تشویشناک ہے۔ پارٹی کے صوبائی سیکریٹری شوکت احمد میر نے کہا کہ لوگ اس وقت زبردست مشکلات سے دوچار ہیں، بجلی کی بدترین سپلائی اور پانی کی قلت کے سبب عوام پریشان ہیں، سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جو سہولیات لوگوں کو ماضی میں آسانی سے میسر رہتی تھیں ،گذشتہ چند برسوں میں ان سہولیات کی فراہمی بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ3چار سال سے بجلی کی عدم دستیابی کا معاملہ سنگین سے سنگین تر ہوتا جارہا ہے اور امسال بجلی کٹوتی کے تمام ریکارڈ مات کئے گئے ہیں،متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی ٹرانسفارمر بے کار پڑے ہیں اور حکام نئے ٹرانسفامر نصب کرنے یا پرانے ٹرانسفارمروں کی مرمت کرنے میں ناکام ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وادی بھر کی سڑکوں کی حالت اس قدر ناگفتہ بہہ ہے کہ لوگوں کا عبور و مرور بھی مشکل ہوگیا ہے۔انہوںنے کہاکہ وادی کی بیشتر چھوٹی بڑی سڑکیں یہاں تک کہ گلی کوچے بھی خستہ حال ہیں جبکہ کلیدی سرینگر جموں شاہرہ اور مغل روڑ کی حالت بھی غیر ہے۔