سرینگر// شمالی قصبہ سوپور سے تعلق رکھنے والے ایک سائیکل سوار نے تن و تنہا کشمیر سے کنیا کماری تک27دن میں اپنا سفر مکمل کیا۔ نوجوان سائیکل سوار منان حسین وانی نے اپنا سفر سوپور سے شروع کیا اور مختلف ریاستوں سے گزر کر منشیات مخالف پیغامات پھیلاتے ہوئے27 جنوری کو کنیا کماری میں اپنا سفر مکمل کیا۔ منان حسن نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوپور سے یکم جنوری2021کو اپنا سفر شروع کیا تھا اور4ہزار کلو میٹر طے کرکے کنیا کماری پہنچا،جبکہ اس دوران انہوں نے4روز تک آرام بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انکا سفر11مرحلوں پر مشتمل تھا، جو جموں کشمیر، پنجاب، ہریانہ، نئی دہلی، اتر پردیش، مہا راشٹرا، تلگانہ، کرناٹکا، اندھرا پردیش، تامل ناڈو اور مدھیہ پردیش ریاستوں پر مشتمل تھا۔وانی نے کہا کہ وہ تمام نوجوانوں میں یہ پیغام پھیلانا چاہتا تھا کہ اگر کسی بھی ایک فرد کا ارادہ مظبوط ہو وہ اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو چاہے کہ وہ اپنے کام کو صد فیصد دیں۔منان نے کہا کہ انکا خواب تھا کہ وہ کشمیر سے کنیا کماری تک سائیکل پرسفرطے کریں۔ منان سوپور، سرینگر، قاضی گنڈ، رام بن، جموں، پٹھانکوٹ، لدھیانہ، کھرک شیتر، نئی دہلی، آگرہ، گوالیار، جھانسی، ساگر، لکھن دون، ناگپور، پنڈھاکھر واڈہ، نرمل، بکھنور، حیدر آباد، کرنول، بنگلورو، سالم، مدھورائے سے ہوتے ہوئے آخرکار کنیا کماری پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔