ڈوڈہ+کشتواڑ //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بدھ کے روز بعد دوپہر وادی چناب کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز بعد دوپہر ڈوڈہ، کشتواڑ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہی۔ برفباری و بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بدھ کو د وبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جسے کے سبب عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی۔بالائی علاقوں میں اگرچہ صبح سے ہی بارشیں ہورہی تھی تاہم میدانی علاقوں میں بعد دوپہر ہلکی بوندا باندی ہوئی جسے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔وہی موسم میں تبدیلی آتے ہی بجلی کی کٹوتی میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ متعدد علاقہ جات میں دن بھر بجلی غائب رہی۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی بجلی محکمہ بھی آنکھ مچولی شروع کردیا ہے جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات آرہی ہیںاس دوران ضلع ترقیاتی کونسل ممبران ڈوڈہ معراج ملک ،ندیم شریف نیاز و چوہدری محمد اقبال کوہلی نے انتظامیہ سے بالائی علاقوں میں پانی، بجلی و دیگر بنیادی سہولیات کی سپلائی کو وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔معراج ملک نے کہا کہ گذشتہ دنوں ہوئی برفباری سے بھلیسہ، کاہرہ کے کئی دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہے لیکن بیشتر علاقوں ابھی تک بحالی کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔