سرینگر// مرکزی حکومت کے دفعہ 370 کی منسوخی کے فیصلے سے متفق نہ ہونے پر جموں و کشمیرمیں ہند نواز سیاسی جماعتوں کو ہراساں کرنے کی کارروائیاں تیز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ وحید الرحمان پرہ کو مسلسل حراست میں رکھا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا’’ وحید پرہ کی مسلسل گرفتاری کو ان مین سٹریم سیاسی جماعتوں کے خلاف پکڑ دھکڑ کے طور پر دیکھی جاتی ہے جو مرکزی حکومت کی جانب سے دفعہ 370کی تنسیخ سے اتفاق نہیں کرتیں‘‘۔ اس سے قبل محبوبہ مفتی نے مرکزی و علاقائی تحقیقاتی ایجنسیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ جموں و کشمیر کی تفتیشی ایجنسی، سی آئی ڈی بھی ان ایجنسیوں میں شامل ہو گئی ہے جس کو مرکزی حکومت مخالفین کو ہراساں کرنے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔