بارہمولہ میں چنائو ملتوی، نئی نوٹیفکیشن جاری، اب 13فروری کو انتخابات ہونگے
بارہمولہ +سرینگر+کپوارہ// جموں کشمیر میں ترقیاتی کونسل چیئرمینوں اور ڈپٹی چیئر مینوں کے انتخابات کے دوسر ے مرحلے میں پیر کوکپوارہ ، بڈگام اور کپوارہ اضلاع میں انتخابات ہونا تھے جن میں سے صرف بڈگام اور کپوارہ میں چنائو عمل میں لائے گئے جبکہ بارہمولہ ضلع میں پی ڈی پی، این سی، کانگریس اور ایک آزاد امیدوار کے غیر حاضر رہنے کے باعث کورم پورا نہ ہوسکا اسلئے انتخابات نہیں ہوسکے اور نئی چناوی نوٹیفکیشن جاری کی گئی، جس کے مطابق اب یہاں 13فروری کو انتخابات کرائے جائیں گے۔بڈگام میں آزاد امیدوار نذیر احمد خان( ڈرا) کے ذریعہ اور کپوارہ میں پیپلز کانفرنس نے بلا مقابلہ انتخابات جیت لئے۔اس سے قبل سرینگر اور شوپیان میں اپنی پارٹی نے ڈی ڈی سی چیئرمینوں کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کولگام میں گپکارالائنس نے جیت درج کی۔جموں اور کھٹوعہ کی نشستیں بھاجپا نے حاصل کی ہیں۔
بارہمولہ
ڈی ڈی سی چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین کے انتخابات نے سب سے ڈرامائی صورتحال اختیار کی۔جب پیر کو ڈاک بنگلہ میں انتخابات کی تیاری ہورہی تھی تو انتخاب کے وقت محض سات منتخب ڈی ڈی سی ممبران ہی موجود تھے جبکہ ضوابط کے مطابق حاضر ممبران کی تعداد کم سے کم دس ہونی چاہئے تھی۔حاضر ممبران میں آزاد اْمیدوار صفینہ بیگ، آزاد ممبرمحمد مظفر ، پیپلز کانفرنس کے تین اور اپنی پارٹی کے دو ممبران شامل تھے۔ جبکہ نیشنل کانفرنس کے 2، پی ڈی پی کے 2 منتخب ممبران اور ایک آزاد ممبر عرفان حافظ لون انتخاب کے وقت غیر حاضر رہے جس کے بعد ضلع کمشنر نے مذکورہ انتخاب ملتوی کردیا۔یہاں اپنی پارٹی اور پیپلز کانفرنس نے صفینہ بیگ کی حمایت کا فصلہ کر رکھا ہے۔
بڈگام
بڈ گام ڈی ڈی سی چیئرپرسن کاانتخاب ’ڈرا‘کے ذریعے عمل میں لایاگیا ۔جس کے دوران بڈ گام کی نشست پر آزاد امیدوار نذیر احمد خان کو کامیاب قرار دیا گیا۔ چیئرمین نذیر احمد خان پی ڈی پی کے ضلع صدر ہیں لیکن انہوں نے ڈی ڈی سی انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ جبکہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار نائب چیئرمین نذیر احمد جہرہ منتخب ہوئے ۔ ڈی ڈی سی انتخابات میں گپکار الائنس نے ضلع بڈگام میں 10 نشستیں اپنے نام کی تھیں۔ ان میں سے 8 این سی کے نام رہی تھیں جبکہ پی ڈی پی کے کھاتے میں ایک اور پیپلز مومنٹ نے ایک سیٹ پر جیت درج کی تھی۔ 4 سیٹیں آزاد امیدواروں نے اپنے نام کی تھیں۔جن میں نذیر احمد خان اور ایک اور آزاد امیدوار کے علاوہ حکیم محمد یاسین کی پیپلز ڈیمو کریٹک فرنٹ کے 2اراکین بھی شامل ہیں۔
کپوارہ
کپوارہ میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین و ڈپٹی چیئر مین کے انتخابات کے دوران پیپلز کانفرنس کے عرفان پنڈت پوری چیئرمین جبکہ حاجی فاروق نائب چیئرمین منتخب ہوئے ۔دونوں بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ حاجی فاروق پیپلز کانفرنس کے حمایت یافتہ تھے۔ انتخابات کے دوران نیشنل کانفرنس کے 4 اور اپنی پارٹی کے ایک ممبر نے شرکت نہیں کی۔ انتخابات کے موقعہ پر پیپلز کانفرنس کے 5 ،آزاد 2،اپنی پارٹی 1اور عوامی اتحاد پارٹی کے 1ممبر سمیت کل 9منتخب ممبران موجود تھے۔