راجوری// پچھلے ایک سال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال راجوری میں نصب کمپیوٹرائزڈ ٹوموگرافی (سی ٹی) اسکین مشین خراب پڑی ہوئی ہے جو مریضوں کی دیکھ بھال کو بری طرح متاثر کررہی ہے اور لوگوں کے پاس راجوری میں اکیلے نجی سی ٹی اسکین سنٹر میں جانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ راجوری اسپتال میں سی ٹی اسکین مشین چھ سال پہلے نصب کی گئی تھی جو صرف ایک سال تک چلتی رہی جس کے بعد اس کی مرمت ہوئی لیکن اس کے بعد وہ کچھ مہینوں میں ہی خراب ہو گئی۔بعد ازاں لگ بگ تین سال خراب رہنے کے بعد اسکی مرمت کاروائی فائی مگر مہز پانچ سے چھ ماہ چلنے کے بعد یہ ایک مرتبہ پھر خراب ہوئی اور اب پچھلے ایک سال سے خراب پڑی ہوئی ہے۔ ادارہ کے سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو تصدیق کرتے ہوئے اسے بدقسمتی سے تعبیر کیا "ہمارے پاس گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال راجوری میں سی ٹی اسکین کی سہولت نہیں ہے"۔انہوں نے کہا "ہمارے یہاں راجوری میں ایک جی ایم سی چل رہا ہے جو راجوری ، پونچھ اور ضلع ریاسی کے کچھ حصوں کی طبی ضرورت کو پورا کرتا ہے لیکن یہاں سی ٹی اسکین کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے" ۔ یوگیش شرما ، ایک مقامی رہنما نے اِسے راجوری ضلع میں صحت کے شعبے کی مکمل ناکامی قرار دیا اور کہا کہ ضلع راجوری کے صحت کے شعبے کے بارے میں حکومت کی ناقص تشویش کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ جی ایم سی سی ٹی اسکین کی سہولت سے عاری ہے۔شرما نے کہا "ہمارے لوگ نجی مراکز کا دورہ کرتے ہیں اور بنیادی سی ٹی اسکین کے لئے بھی قریب پانچ ہزار روپے دیتے ہیں اور حکومت اہم ادارے میں یہ بنیادی سہولت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے" ۔ نوجوان کارکن محمد عمر نے بتایا کہ راجوری اسپتال نہ صرف پورے پیر پنجال میں صحت کا ایک بڑا ادارہ ہے بلکہ لائن آف کنٹرول پر موجودہ صورتحال کی وجہ سے یہ زیادہ اہم ہوجاتا ہے جہاں لوگ اکثر کنٹرول لائن پر فائرنگ اور شیلنگ کی وجہ سے زخمی ہوتے ہیں۔عمر نے مزید کہا "ضلع راجوری کے صحت کے شعبے میں بہت ساری خرابیاں ہیں لیکن جی ایم سی میں سی ٹی اسکین کی عدم دستیابی ایک اہم مسئلہ ہے"۔ پرنسپل جی ایم سی راجوری ، ڈاکٹر کلدیپ سنگھ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ معاملہ اعلی حکام کے ساتھ اٹھایا گیا ہے جس کے بعد جلد ہی ادارے کو 128 سلائس سی ٹی اسکین مشین فراہم کی جائے گی۔پرنسپل نے کہا "ہمیں جلد ہی 128 سلائس سی ٹی اسکین مشین مل جائے گی جو جدید ترین ہے اور امید ہے کہ فروری کے آخر تک انسٹال ہوجائے گی" ۔