مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے بلاک بالاکوٹ کی پنچائت کانگڑہ گلہوتہ کی وارڈ نمبر 6/8اور 10سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے جیب سے پیسے خرچ کر تین کلومیٹر سڑک کا کام شروع کروایا ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے علاقہ کے اندر سڑک کا نام و نشان ہی نہیں ہے اور لوگوں کو کئی کلومیٹر پیدل سفر طے کرنا پڑتاہے اور اپنے کاندھوں پر سامان اٹھاکے لوگ گھروں میں لے جاتے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ 2009-10میں محکمہ تعمیرات عامہ نے ایک سڑک کا کام شروع کروایا تھا اور کچھ حد تک زمینی سطح کا کام کرنے کے بعد سڑک کو چھوڑ دیا گیا جسکا اب نام ونشان ہی زمین سے مٹ گیا جس کے بعد علاقہ کے لوگ جب تنگ پڑے تو ملازمین نے جیب سے پیسے اکھٹے کرکے تین کلومیر سڑ ک کا کام شروع کروایا اور سڑک کو لیکر لاکھوں روپے لوگوں نے جیب سے خرچے لیکن سرکار کو شرم تک ہی نہیں آئی کہ ایک بڑی آبادی والے علاقہ کے لوگوں کو سڑک کے ذریعے بنیادی سہولیات دی جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے بچے بھی سکول نہیں جاسکتے جس کے بعد لوگوں کی مجبوری بنی کہ اپنی مدد آپ کی جائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سرکار فوری طور اس سڑک کو کسی پلان میں ڈالے اور جن ملازمین نے جیب سے پیسے خرچے ہیں انکو پیسے واپس دینے کے ساتھ ساتھ سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کے قابل بنایا جائے تاکہ لوگ آسانی سے اپنا سفر طے کرسکیں ۔