کپوارہ//ہندوارہ کے مضافات ماگام اور بہنی پورہ ہائر سکینڈری سکول محکمہ تعلیم کی نظرو ں سے اوجھل ہے جبکہ مذکورہ سکولو ں میں بنیادی سہولیات اور تدریسی عملہ کی سخت کمی پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے زیر تعلیم طلاب کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ماگام ہندواہ کے لوگو ں کے مطابق ہائر سکینڈری سکول کو 1987میں یہا ں قائم کیا گیا لیکن تا حال اس کا درجہ نہیں بڑھایا گیا ۔لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ ہائر سکینڈری سکول میں کامرس اور آرٹس مضامین پڑھانے کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے یہا ں زیر تعلیم طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ مذکورہ مضامین نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو ان کی مرضی کے برعکس دیگر مضامین لینے کے لئے مجبور کیا جاتا ہے جبکہ اکثر و بیشتر طلبہ کو مضامین کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہندوارہ یا کپوارہ کی ہائر سیکنڈری سکولوں میں دا خلہ لینا پڑتا ہے جو طلبہ کے لئے پریشانی کا باعث بن جاتا ہے ،اس کے علاوہ ہندوارہ یا کپوارہ جانے کے لئے طلبہ پر اضافی کرایہ کا بوجھ بھی پڑ جاتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا مزید کہنا ہے کہ جب سے ہائر سکینڈری سکول کو ماگام میں قائم کیا گیا تب سے لیکر آج تک انتظامیہ اس کا درجہ بڑھانے یا اس کی طرف توجہ دینے کے لئے کچھ بھی نہیں کر پائی ہے ۔ اس دوران تعلیمی زون راجواڑ کے بہنی پورہ میں قائم ہائر سکینڈری سکول میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے بہنی پورہ ہائر سیکنڈری سکول انتظامی بد حالی کا شکار ہے کیونکہ اس ہائر سیکنڈری سکول میں پرنسپل کی کرسی عرصہ دراز سے خالی پڑی ہے جبکہ تد ریسی عملہ کی بھی سخت کمی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس ہائر سیکنڈری سکول میں 14لیکچر ارو ں کے بجائے محض کئی لیکچر ار تعینات ہیں ۔مقامی لوگو ں کے مطابق ہائر سکینڈری سکول بہنی پورہ میں عر بی اور زولو جی مضامین کے علاوہ باقی مضامین کے لئے گزشتہ کئی برسو ں سے لیکچر ار تعینات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے زیر تعلیم طلاب کا مستقبل دائو پر ہے ۔مقامی لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنگل کے دامن میں واقع ہائر سکینڈری سکول کی دیوار بندی آج تک نہیں کی گئی اور ناہی اس کی تعمیر و ترقی کے لئے کوئی کام کیا گیا ۔لوگو ں کے مطابق ہائر سکینڈری سکول میں جگہ کی سخت کمی ہے ۔چھ کمرو ں پر مشتمل سکول میں 3کمرے انتظامی امور چلانے کے لئے ہیں جبکہ باقی 3کمرے درس و تدریس کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں جبکہ سکول میں لائبری اور لیبارٹری کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے سکول میں تدریسی عملہ کی کمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سکول میں امسال سرمائی کوچنگ کا بھی کوئی بندوبست نہیںکیا گیا جس کی وجہ سے طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔لوگو ں نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا کہ ہائر سکینڈری سکول بہنی پورہ کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ تعلیم فوری طور اقدامات اٹھائیں اور تعلیمی سال قبل شروع ہونے سے قبل تدریسی عملہ کو تعینات کیا جائے تاکہ بچو ں کا مستقبل مزید خراب ہونے سے بچ سکے ۔اس حوالہ سے جب چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ عبد الحمید فانی سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے کہا کہ ان ہائر سیکنڈری سکولو ں میں تدریسی عملہ کی کمی کو مارچ کے اوئل میں ہی دور کیا جائے گا جبکہ دیگر بنیادی سہولیات کی طرف بھی وہ خصوصی توجہ دیں گے اور وہ چاہتے ہیں کپوارہ کے کسی بھی سکول میں طلبہ کو کسی بھی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔