پونچھ//تحصیل منڈی کے لورن کے گورنمنٹ ہائی اسکول بٹل کوٹ میں اساتذہ کی قلت اور طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کئے جانے پر مقامی لوگوں میں محکمہ تعلیم اورانتظامیہ کے تئیں ناراضگی پائی جاتی ہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے انتظامیہ کوتنقیدکانشانہ بنایا۔ بٹل کوٹ کے لوگوں کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں غیر سرکاری تنظیم انصاف مومنٹ کے چیئرمین جاوید ریشی اور دیگر کارکنان کے علاوہ مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔شرکاء نے غم وغصے کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ انھیں بنیادی سہولیات فراہم نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جب مرکزی حکومت تعلیمی معیار کی بہتری کا دعوی کر رہی ہے ہائی سکول بٹل کوٹ کونظراندازکرکے علاقہ کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے اعلی افسران نے ہمارے ساتھ ہمیشہ نا انصافی کی ہے۔انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہائی سکول میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد350 ہے جبکہ محکمہ تعلیم کے اعلی افسران نے3 اساتذہ ہائی سکول میں تعینات کئے ہوئے ہیں جس لکی وجہ سے بچوں کی تعلیم پرمنفی اثرات پڑرہے لہیں۔مقامی لوگوں نے سیاسی لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے وقت ہمارے ساتھ بڑ ے بڑے وعدے کئے جاتے ہیں لیکن انتخابات کے بعد کوئی بھی لیڈر ہمارا حال پوچھنے کیلئے نہیں آتا جس کا ہمیں سخت افسوس ہے۔اس موقع پر موجود جاوید ریشی نے محکمہ تعلیم کے اعلی افسران و گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس دور دراز علاقہ کے لوگوں کا جو حق بنتا ہے ان کو حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں عوام کو دیگر سہولیات بھی فراہم نہیں ہیں،انہوں نے کہا راشن کے لئے لوگوں کے کئی کلو میٹر دور لورن جانا پڑٹا ہے۔اس کے علاوہ مختلف سرکاری اسکیموں کا وہاں کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے انہوں نے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا لفٹینٹ گورنر سے مطالبہ کیا ۔