شملہ //مرارجی ڈیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کے ڈائریکٹر اور نیشنل یوگا آسن اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر آئی ڈی واسووا ریڈی نے کہا ہے کہ وزارت کھیل کے یوگاآسن کو کھیل کا درجہ دینے کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے ۔ڈاکٹر واسوواریڈی نے یہ بات ہماچل پردیش کے ریاستی یوگاآسن اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چار روزہ آن لائن تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر سے پہلے یوگا آیوش کی وزارت کے تحت تھا۔ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی یوگا کو بین الاقوامی سطح پر وقار بخشنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر کھیلوں کی وزارت نے اب اسے باضابطہ طور پر کھیل کا درجہ دے دیا ہے ۔ ریاستی یوگاآسن اسپورٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ونود یوگاآچاریہ نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر تنظیم کے صدر سوامی رام دیو کی حوصلہ افزائی اور سابق پروفیسر ڈاکٹر جی ڈی شرما کی رہنمائی میں ریاستی یوگاآسن اسپورٹس ایسوسی ایشن کا قیام اس سال عمل میں لایا گیاہے ۔ جج اور ریفری کے آن لائن تربیتی پروگرام کے بعد مارچ میں پہلی ریاستی سطح کا پہلا یوگا مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔