دیہی ترقی بونجواہ ، دفتر تو ہے لیکن کئی برسوںسے غیر فعال | دفتر ی اوقات کے دوران دفتر بند ملا ، بی ڈی سی چیئر پرسن کا الزام
عاصف بٹ
کشتواڑ ///دیہی ترقی بلاک بونجواہ گزشتہ تین برسوں سے زمینی سطح پر غیر فعال ہے اور اس معاملے کو اگرچہ کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایاگیا تاہم عملی طور کچھ نہیں بدلا۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن بونجواہ چودھری مریم نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر بونجواہ کو ایک خط زیر نمبر بی ڈی سی / بی بی / 2021/102 مورخہ 20/01/2021 لکھ کر انھیں 25 جنوری سے پہلے بونجواہ میں تمام آفس ریکارڈ کے ساتھ بلاک ہیڈکوارٹر پر بلاک آفس بونجواہ کو زمینی سطح پر فعال بنانے کو کہا تھا تاہم متعلقہ بی ڈی او نے مذکورہ بالا خط کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی بلاک ہیڈ کوارٹر بونجواہ میں دفتر کو فعال بنایا۔جسکے بعدبلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرپرسن نے ایک اور خط بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بونجواہ کوزیر نمبر بی ڈی سی / بی بی / 2021/107 مورخہ 08/02/2021 بھیجا اور انہیں 05 دن کے اندر بونجواہ کی عوام کے وسیع ترمفاد کیلئے دفتر کو فعال بنانے کے لئے کہا جبکہ متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ناکام رہا اور انہوں نے چیئرپرسن سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی بلاک ہیڈ کوارٹربونجواہ میں دفتر کو فعال بنایا۔ بی ڈی سی چیئرپرسن نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ افسر سے دفتر کو ہیڈ کوارٹر میں فعال بنانے کی درخواست کی گئی لیکن بدقسمتی سے بی ڈی اوبونجواہ نے انکی درخواستوں کودرخور اعتنا نہیں سمجھااور انکا جواب تک نہ دے سکے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 فروری 2021 کو ا نہوںنے ذاتی طور پر بلاک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاںصبح 10 بجے کوئی بھی ملازم وہاں موجود نہیں تھا ۔بی ڈی سی چیئرپرسن نے اسکے بعد اس معاملے کو ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما کی نوٹس میں لایا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متعلقہ بی ڈی او کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔جبکہ بی ڈی سی چیئرپرسن بونجواہ نے کمشنر سکریٹری محکمہ دیہی ترقی کو بھی خط لکھا ہے اور اس معاملے میں ان سے مداخلت کی اپیل کی ہے اور کشتواڑ سے دفتر کو چلانے میں ملوث متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ سرکاری دفاتر ضلع ہیذکوارٹر کشتواڑ کے اے سی کمرے سے 03 برسوںسے چلائے جارہے ہیں اور زمینی سطح پر یہ دفتر ناکارہ ہے۔ بونجواہ کی عام عوام نے ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
منوج دیویدی کا اے سی بی ہیڈ کوارٹر کا دورہ ،معاملات کا جائزہ لیا
جموں// عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سکریٹری منوج دویدی نے جموں میں اے سی بی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔کمشنر سکریٹری نے اے سی بی کے افسران سے بات چیت کی۔ ڈائریکٹر اے سی بی نے انہیں اے سی بی کے کام سے آگاہ کیا۔دوویدی نے کوویڈ وبائی بیماری کے باوجود پچھلے کچھ مہینوں سے اے سی بی کے کام کی تعریف کی۔ ڈائریکٹر اے سی بی نے انہیں اے سی بی کے ذریعہ مختلف محاذوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ACB کی تنظیم نو کے بعد اور ACB پولیس اسٹیشنوں کی تشکیل کے ساتھ ACB میں افرادی قوت کی قلت کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوویدی نے اے سی بی جے اینڈ کے میں آزاد معاشی جرائم ونگ کے قیام کے لئے منظور شدہ متعدد زمرے کے 56 آسامیوں کو بھرنے کے لئے بھرتی کے قواعد وضع کرنے اور07 اضافی اینٹی کرپشن عدالتوں کے لئے عہدے کے قیام کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر اے سی بی نے کمشنر سکریٹری جی اے ڈی کو آگاہ کیا کہ راجوری کو چھوڑ کردیگر تمام تھانوں کی تعمیر کیلئے اراضی کی شناخت کرلی گئی ہے اور جلد ہی منصوبے شروع کردیئے جائیں گے۔دویدی نے کہا کہ ملازمین اپنی جائیداد کے گوشوارے بروقت جمع نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے ملازمین کے لئے آن لائن پراپرٹی ریٹرن پورٹل کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ آن لائن ویجی لنس کلیئرنس کے لئے پورٹل جلد ہی تعینات کردیا جائے گا۔ غیر منقولہ اثاثوں سے متعلق معاملات ، داغدار ملازمین کی متفقہ فہرست ، باقاعدہ محکمہ جاتی انکوائریز ، ویجی لینس افسران کی ورکنگ وغیرہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانٹے دار تار اور لکڑ ی کے کھمبوںکے متبادل پر 500کروڑ روپے صرف کئے جارے ہیں :روہت کنسل
جموں//حکومت نے تمام لکڑی کے کھمبوں اور کانٹے دار تار کو بدلنے کا فیصلہ لیا ہے جس کے لئے پانچ سو کروڑ روپے کی رقم مختص رکھی گئی ہے ۔اِس کا اظہار پرنسپل سیکرٹری محکمہ بجلی روہت کنسل نے جموں صوبے میں گرما کے موسم میں بجلی کی بہتر ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے جاری تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ بنیادی سطح کے اہلکاروں کی حفاظت اور فلاح و بہبود محکمہ کے لئے حکومت کی اوّلین ترجیح ہے ۔ اُنہوںنے محکمہ کی جانب کی عملے کی ذاتی حفاظت کو اضافہ کرنے کی حکام کو ہدایت دی تاکہ حادثات کو کافی حد تک کم کیا جاسکے ۔ میٹنگ میںمنیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی ٹی سی ایل ، جے پی ڈی سی ایل ، ڈائریکٹر فائنانس پی ڈی ڈی ، سیکرٹری (ٹیکنیکل) پی ڈی ڈی ،سیپشل سیکرٹری پی ڈی ڈی ، صوبہ جموں کے چیف انجینئران، سپرانٹنڈنٹ انجینئران، ایگزیکٹو انجینئران شامل تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ بجلی کے اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر فیلڈ اہلکار کا بیمہ کیا جائے گا جن میں یومیہ اجرت پانے والے ڈی آر ڈبلیو ایس ،پی ڈی ایل ،ٹی ڈیل ایل فراد شامل ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں کا زندگی اور ممکنہ حوادثات میں زخمی ہونے کے لئے بیمہ کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے جے پی ڈی سی ایل کے افسروں کو ہدایت دی کہ تمام زیر مرمت ٹرانسفارمروںکو گرما سے قبل دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے شہری علاقوں میں 24 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 48 گھنٹوں کے اندر ناقص ٹرانسفارمر وں کو تبدیل کرنے پر زور دیا۔
آف لائن امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ | زنانہ کالج پریڈ کی طالبات کا احتجاج
جموں// گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین پریڈ کے باہرطالبات نے آن لائن امتحان کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔آف لائن امتحان کی مخالفت کرتے ہوئے طالبات روڈ پر نکل آئیں اور متعلقہ حکام کے فیصلے کے خلاف کئی منٹ تک پریڈ روڈ بلاک کردی۔وہ اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگار ہی تھیںجبکہ عینی شاہدین کے مطابق کئی منٹ تک ٹریفک میں خلل پڑا۔طالبات نے یہ الزام لگایا ہے کہ انہوں نے آن لائن کلاسز میں تعلیم حاصل کی ہے اور حکام کی جانب سے انہیں آف لائن امتحانات میں شرکت کے لئے کہنے کا مطالبہ کرنا ناانصافی ہے۔ بعدازاں طالبات نے اپنا مظاہرہ پرامن طریقے سے ختم کیا ۔
مشیر فاروق خان سے مختلف وفود اور افراد ملاقی
جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے مختلف وفود اور افراد سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں ان کی شکایات اور دیگر امور گوش گزار کئے۔مختلف وفود بشمول رہبر کھیل ، انڈین آئیل کارپوریشن ، سپروائزر آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کے علاوہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے وفود اور افراد نے مشیر فاروق خان سے ملاقات کی اور انہیں سڑک کے رابطے ، پانی اور بجلی کی فراہمی ، طبی نگہداشت ، گلی اور نالیوں کی مرمت سے متعلق اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔مشیر نے وفود اور اَفرد کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایاکہ ان کے جائز ہ مسائل کے ازالے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔انہوں نے مختلف شکایات کے ازالے کے لئے موقعہ پر پی ہدایات دیں تاکہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔
نوشہرہ گاؤں میں پانچ زندہ مارٹر گولے تباہ
سمت بھارگو
راجوری//فوج کے بم ڈسپوزل سکارڈنے منگل کے روز نوشہرہ کے بھوانی گاؤں میں پانچ زندہ مارٹر گولوں کو تباہ کردیا۔ان میں سے چار گولے بھونی گاؤں کے وارڈ ون کے بش جنگل سے پیر کی شام برآمد ہوئے تھے جبکہ پانچواں گولہ منگل کی صبح برآمد ہوا تھا۔عہدیداروں نے بتایا کہ یہ پانچ مارٹر گولے معمول کی فوج کی گشت کے دوران ملے ہیں جس کے بعد کسی بھی طرح کی عوامی نقل و حرکت پر اس علاقے کو محاصرہ میںلیاگیاتھا۔منگل کی دوپہر کو فوج کے بم ڈسپوزل سکارڈ اور مقامی راشٹریہ رائفلز بٹالین کی ٹیم نے ان گولوں کو قابو میں کر کے تباہ کیا ۔ یہ تمام خول اعلی دھماکہ خیز مواد کے تھے۔
راجوری شاہراہ حادثے میں تین زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ// جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پر نوشہرہ کے ڈنڈسیر کے مقام پر پیش آئے سڑک حادثہ میں کم از کم تین افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پونچھ کے ماندھر سے جموں کی طرف جارہی ایک زائلو گاڑی JK02BH 4254 نوشہرہ تھانے کے دائرہ کار میں آنے والی سڑک سے لڑھک گئی۔پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت کی گئی ہے۔تمام زخمیوں کا علاج سندر بنی کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیر علاج ہے اور نوشہرہ پولیس اسٹیشن کے تحت لمبیری پولیس چوکی میں قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ضلعی کونسل عہدیداروںکا انتخاب | راجوری میں الیکشن 19 فروری کو
سمت بھارگو
راجوری// راجوری میں ضلعی انتظامیہ نے ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے دوسری میٹنگ 19 فروری کوطلب کی ہے۔ قبل ازیں یہ اجلاس 13 فروری کو ہوا تھا تاہم چودہ میں سے پانچ ممبر وں کی غیر حاضری کے بعداجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔ کیونکہ مطلوبہ کورم پورا نہیں ہوسکا تھا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے دوسری ملاقات 19 فروری کو صبح 11:30 بجے ضلعی انتظامیہ کمپلیکس میں ہوگی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا "ہم نے ڈی ڈی سی کے تمام ممبروں کو اجلاس میں حصہ لینے کے لئے آگاہ کیا ہے"۔
مڑواہ آتشزدگی مکان خاکستر،20 مویشی بھی ہلاک
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ مڑواہ میں آگ کی ہولناک واردات میں تین منزلہ رہایشی مکان خاکستر ہوا جبکہ 20 کے قریب مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب پیش آیا جب غلام حسن لون ولد عبدل عزیز لون ساکنہ قدرنہ بنگام کے گائو خانہ سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ مکان مالک غلام حسن نے بتایا کہ وہ کشتواڑ میں ہی تھی جبکہ انھیں فون کرکے اطلاع دی گی۔ انھوں نے بتایا کہ اگرچہ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا تاہم مقامی لوگوں ،پولیس و فوج کی بروقت کاروائی کے سبب آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ مکان تین منزلہ تھا اور اس میں کل 12کمرے تھے جو مکمل طور خاکستر ہوے ہیں جبکہ لاکھوں روپے ملکیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا ہے اور20 کے قریب بھیڑیں بھی جل گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی مڑواہ میں آگ کی ہولناک واردات میں تین مکان خاکستر ہوئے تھے۔واضح رہے کہ علاقہ میں بجلی نظام نہیں ہے جبکہ علاقہ میں فائر سروس سٹیشن ابھی تک قائم نہیں کیا گیا ہے۔
پارٹی مخالف سرگرمیوں کا الزام | این سی ضلع یوتھ صدر کو پارٹی سے نکالاگیا
عاصف بٹ
کشتواڑ//نیشنل کانفرس کے ضلع یوتھ صدر کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میںپارٹی سے نکالا گیا۔ضلع صدر نیشنل کانفرس نے ایک خط زیر نمبر JKNC/ KTW/407-08 جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ صدر فاروق احمد دیو کی پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں انہیں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے نکالا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ضلع یوتھ صدرنے کل شام سماجی رابطہ کی ویب سایٹ فیس بک پر ایک پوسٹ چڑھائی تھی جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ نیشنل کانفرس نہ صرف ایک پارٹی ہے بلکہ ایک تاریخ ہے لیکن کشتواڑ میں نیشنل کانفرس پرائیوٹ لمیٹیڈ بن کر رہ گئی ہے جبکہ پارٹی یونٹ کشتواڑ بھٹکی ہوئی ہے اور پارٹی کے ورکر لوکل لیڈر شپ کی غلط پالیسیوںکی وجہ سے تنگ آ چکے ہیں ۔انھوں نے بتایاکہ انھوں نے اپنا استعفیٰ ایک ہفتہ قبل پارٹی کے ا علیٰ حکام کو بھیجا تھا تاہم ا علیٰ حکام نے انکا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔ انھوں نے نیشنل کانفرس کی مقامی لیڈر شپ پرالزام عائد کرتے ہوے کہا تھاکہ وہ اپنا چہرہ بچانے کیلئے ڈی ڈی سی ممبران کے ووٹوں کو 10لاکھ کے دیکر خریدرہے ہیں۔
دھیری رلیوٹ میں شجر کاری مہم جاری
منجاکوٹ//پرویز خان//گورنمنٹ ہائر اسکینڈری سکول دھیری رلیوٹ میں تیسرے روز بھی شجر کاری مہم جاری رہی۔ پرنسپل ہائر اسکینڈری اسکول دہری رلیوٹ قیوم شاہ کی قیادت میں شجر کاری مہم کی گئی ۔اس موقع پر سکول کے دیگر ملازمین بھی موجود تھے۔
محکمہ آئی سی ڈی ایس کے زیر اہتمام نوجوان لڑکیوں کیلئے آگاہی کیمپ منعقد
حسین محتشم
پونچھ//نوجوان لڑکیوں کے لئے ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے مختلف آنگن واڑی سنٹروں میں آگاہی کیمپ منعقد کئے گئے۔ اس دوران پروجیکٹ کے مختلف آنگن واڑی مراکز میں اندراج شدہ تمام نوجوان لڑکیوں جو اسکول چھوڑنے والی ہیں اور 11 سے 14 سال کی عمر کے درمیان ہیں کو سرکاری اسکیموں کے بارے میں بتایا گیا۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگراموں میں سپروائزر ، پی آرآئی ، اے ڈبلیوز اور مقامی افراد شریک ہوئے۔ پروگرام کے دوران سی ڈی پی او حویلی جہانگیر خان نے ایس اے جی اسکیم کے بنیادی مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نوجوان لڑکیوں کی صحت (ذہنی / جسمانی) ، حفظان صحت ، تغذیہ اور مہارت کی ترقی پر روشنی ڈالی۔ محکمہ کی جانب لڑکیوں میں سینیٹری کٹس جس میں سینیٹری پیڈ ، ہینڈ سینیٹائزر ، ہینڈ واش، ماسک اور وائپس شامل تھے تقسیم کی گئیں۔
پونچھ میں بسنت پنچمی اور سرسوتی پوجا کا تہوار منایاگیا
حسین محتشم
پونچھ//بسنت پنچمی اور سرسوتی پوجا کا تہوار پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ منایاگیا۔ اس سلسلہ میں پونچھ کے اَنپورنا منڈر شیش محل میں ہون اور یگہ کا اہتمام کیا گیا جس میںعوام، خاص طور پر طلبہ نے ذہانت اور علم کی دیوی سرسوتی کی پوجا کی۔اس دوران مندر کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے عقیدتمندوں کی سہولت کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے تھے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کوڈ19کے تحت ایس او پیز کا بھی پورا خیال رکھا گیاتھا ۔نیشو گپتا نامی ایک عقیدت مند نے اس دوران بسنت پنچمی کے مقدم موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار جو موسم بہار کی آمد پر منایا جاتا ہے اس دوران دیوی سرسوتی کی پوجا کی جاتی ہے ۔ ضلع پونچھ کی تمام تحصیلوں میں منگل وار کو صبح سویرے سے ہی عقیدتمندوں نے مختلف مندروں میں پہنچ کر پوجا کی۔سناتن دھرم سبھا کے پردھان ستیش ساسن نے اس موقع پر کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے تمام عوام کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کی عوام نے یہ تہوار بھی یہاں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مل جھل کر منایا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں کا بھائی چارہ ہمیشہ اسی طرح برقرار رہے گا۔
درمن میں مویشی خانہ خاکستر
محمد بشارت
کوٹرنکہ// بلاک بدھل پنچایت حلقہ درمن میں اچانک آگ نمودار ہونے کی وجہ سے رہایشی مکان خاکستر ہوگیا ۔محمد اسلم ولد احمد دین ساکنہ درمن کے مویشی خانہ میں اچانک آگ نمودار ہوگی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے مویشی کھانے کو لپیٹ میں لے لیا تا ہم مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشیش کی تا ہم چار جانو روں سمیت مویشی خانہ راکھ ہوگیا ۔
پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی جائے: چوہدری ذوالفقار علی
راجوری//ئب صدر اپنی پارٹی چوہدری ذوالفقار علی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔سابق وزیر اور نائب صدر اپینی پارٹی چوہدری ذوالفقار علی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پراپرٹی ٹیکس عائد کرنا مناسب نہیں ہے کیونکہ لوگ پہلے ہی معاشی پریشانی میں مبتلا ہیں۔5 اگست ، 2019 اور کوویڈ 19 کی صورتحال کے بعد سیاحت ، صنعتی اور دیگر نجی شعبوں میں کمی کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پراپرٹی ٹیکس کے نام پر اپنی جیبوں پر اضافی بوجھ سنبھالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ اس خیال میں ، لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹیکس لگانے کے فیصلے پر نظرثانی کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں بھی یوٹی کے لوگوں پر نامناسب حالات کی وجہ سے پراپرٹی ٹیکس نافذ کرنے کے لئے تیار نہیں تھیں۔انہوں نے کہا "بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کچھ وقت دینا ہوگا اور حکومت ہند کو ٹیکس عائد کرنے کی بجائے مالی مدد سے معاشی پریشانی پر قابو پانے کے لئے پہلے ریاست کی مدد کرنی چاہئے"۔دریں اثنا انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ وہ پٹرولیم کی قیمتوں پر قابو پالیں کیونکہ اس نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
سیریکلچر ڈیلی ویجر و کیجول ورکراپنی پارٹی رہنماؤں سے ملاقی
جموں// سیری کلچر ڈیلی ویجر / کیجول ورکرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے غلام حسن میر سینئر نائب صدر اپنی پارٹی اور وجے بقایا جنرل سکریٹری اپنی پارٹی سے ملاقات کی۔انہوں نے شکایت کی کہ سال بھر کام کرنے کے باوجود انہیں پوری اجرت نہیں مل رہی تھی اور جو مناسب احکامات کے ذریعے کیجول ورکر مقرر ہوئے تھے انہیں سیزنل ورکرسمجھا جاتا تھا اور ان کی وجہ سے اجرت سے انکار کیا جاتا تھا۔سینئر نائب صدر اور جنرل سکریٹری اپنی پارٹی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ محکمہ کے پاس اٹھائیں گے۔