نابالغ کیلئے انصاف بل میں ترمیم اورہندماریشس مالی تعاون معاہدے کو منظوری
نئی دہلی//یواین آئی// حکومت نے ٹیلی کوم شعبہ کی توسیع اور متعلقہ آلات کی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لئے 12 ہزار 195 کروڑ روپے کے پروڈکشن پر مبنی ترغیبی منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس ضمن کی تجویز کو منظور کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد ٹیلی کوم اور الیکٹرونکس اور ٹیکنولوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ منصوبہ ایک اپریل 2021 سے موثر ہوگا اور اگلے پانچ سال کے لئے ہوگا۔ اس سے ملک میں ٹیلی کوم،نیٹ ورکنگ اور موبائل اور دیگر آلات کی مینوفیکچرنگ کو رفتار ملے گی اور ملک میں اس شعبہ میں عالمی سطح کی پروڈکشن ہو سکے گی۔مرکزی کابینہ نے خواتین و اطفال کے فلاح و بہبود کی وزات کے نابالغ کے لئے انصاف (دیکھ بھال اور بچوں کے تحفظ) بل 2015 میں ترمیم کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔بل میں بچوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے بچوں کے تحفظ کے انتظام کو مضبوط کرنے کا التزام کیا گیا ہے ۔ مرکزی کابینہ نے ہندوستان اور ماریشس کے درمیان وسیع مالی تعاون اور شراکت داری کے معاہدے (سی ای سی پی اے ) پر دستخط کیے جانے کی تجویز کو منظوری دی ہے ۔ معاہدے میں اشیاء کی تجارت، سروسز میں کاروبار، تجارت میں تکنیکی رکاوٹوں، صفائی کے منصوبوں، تنازعہ کا نمٹارہ، شہریوں کے آمد و رفت، ٹیلی کام، مالیاتی خدمات، کسٹم ڈیوٹی عمل اور دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون قائم کیا جائے گا۔ سی ای سی پی اے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے اور بہتر بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی نظام فراہم کرتا ہے ۔