بارہمولہ// مادری زبان کے عالمی دن پر محبوب کلچرل سوسائٹی بارہمولہ اور دائرہ ادب دلنہ نے سرکاری زبان کو فروغ دینے اور اس کے تحفظ کیلئے مقامی زبان کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لئے بارہمولہ کے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔پروگرام میں معروف مصنف خالق پرویز مہمان خصوصی تھے اور سابق ڈائریکٹر جنرل دوردرشن مرکز سرینگر ڈاکٹر رفیق مسعودی مہمان خصوصی کی حیثیت سے تھے۔اس موقع پر ایک ثقافتی پروگرام میں مادری زبان کے فروغ اور تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ نیز ایک خصوصی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں نامور کشمیری شاعروں نے اپنا کلام پڑھا۔اس موقع پر مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بولی جانے والی مادری زبان خصوصاً کشمیری ، گوجری ، پہاڑی ، بلتی ، درد شینا اور دیگر زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی مخصوص علاقے کی ثقافت اور نسل کے تحفظ کے لئے مادری زبان کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ وہ کم عمری سے ہی کسی بھی دوسری زبان سے زیادہ اپنی مادری زبان میں اپنے بچوں کے ساتھ بات چیت کریں۔پروگرام میں دوسروں کے علاوہ معروف اسکالروں ، شعراء ، کالم نگار ، طلباء اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈروں نے شرکت کی۔